ھفتہ, 04 مئی 2024


ہرات کی درس گاہوں میں زہریلی گیس سے حملہ!

ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) افغانستان کے صوبے ہرات میں ایک ہفتہ کے دوران مختلف سکولوں میں نامعلوم افراد نے زہریلی گیس چھوڑ کر 600 کے قریب طلبا و طالبات اور اساتذہ کو ہسپتال پہنچا دیا۔ ہرات میں افغان حکام نے بتایا کہ سکولوں میں زہریلی گیس چھوڑنے کے باعث ایک ہفتہ کے دوران وقتاً فوقتاً بچوں بچیوں کو ہسپتال پہنچا دیا گیا جن میں 50 کی حالت نازک ہے مگر کسی کے مرنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ ہرات کے گورنر نے الزام لگایا کہ طالبان جنگجوئوں نے زہریلی گیس پھینک کر معصوم طلبہ کو نشانہ بنایا۔ پولیس اور افغان انٹیلی جنس نے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی ہے۔ ادھر منگل کے روز مزید 140 طالبات کو سانس لینے میں دشواری پر ہرات کے ہسپتال میں لایا گیا۔ واضح رہے کہ 2012ء میں سکولوں کی طالبات کو زہر دیئے جانے کے کچھ واقعات سامنے آئے تھے جن کا الزام افغان حکومت نے طالبان پر عائد کیا تھا مگر طالبان نے اس کی تردید کی۔ ادھر ہرات میں حکام نے سکولوں اور کالجوں کی سکیورٹی بڑھا دی ہے جبکہ پولیس اور افغان فوج کی نفری انکے گرد متعین کردی گئی ہے۔ خوفزدہ والدین بچوں کوتعلیمی اداروں میں بھجوانے سے گریز کر رہے ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment