جمعرات, 09 مئی 2024


بچوں کی ہلاکت کے بعد دہلی میں موجود تمام سکولوں سے رپورٹ طلب

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بھارتی دارالحکومت دہلی میں سکول کے دو بچوں کی ہلاکت کے بعد حکام نے ہنگامی اجلاس بلایا ہے جس میں بچوں کی حفاظت کے حوالے سے جو خدشات پیدا ہوگئے ہیں ان پر غور کیا جائے گا۔ دہلی میں دو مختلف واقعات میں دو بچے سکول میں پیش آنے والے حادثوں کا شکار ہو کر اپنی جان گنوا بیٹھے تھے۔

سنیچر کو ایک نجی سکول کی پانی کی ٹینکی سے ایک چھ سالہ بچے کی لاش ملی تھی۔ بچے کے والدین کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ان کے بچے نے پانی کی ٹینکی تک رسائی کیس حاصل کی۔ اس سے قبل بدھ کے روز دہلی کی مقامی حکومت کے زیرِ انتظام ایک سکول میں پیش آنے والے ایک حادثے میں سکول میں موجود زہریلے مواد کی ٹینکی سے ایک پانچ برس کے بچے کی لاش ملی تھی۔ سکولوں میں ہونے والی ان اموات کے بعد والدین میں شدید اضطراب پایا جاتا ہے۔

دہلی کے نائب وزیرِ اعلیٰ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان اموات کی مکمل تحقیقات کروائی جائیں گی۔ دوسری جانب دہلی کی حکومت نے دارالحکومت میں موجود تمام سکولوں سے کہا ہے کہ سکولوں کی عمارتوں کو بچوں کے لیے محفوظ بنائیں اور اس سلسلے میں جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں ان کے متعلق جامع رپورٹ جمع کروائی جائے۔

 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Media

Leave a comment