جمعرات, 02 مئی 2024
جمعرات, 20 اپریل 2017 13:00

فوٹو شیئرنگ ایپ کو اب انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ انسٹاگرام استعمال کرتے ہیں لیکن انٹرنیٹ کی کم اسپیڈ کی وجہ سے اکثر تصاویر پوسٹ کرنے سے محروم رہتے ہیں تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس فوٹو شیئرنگ ایپ کو اب انٹرنیٹ کے بغیر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔ اس بات کا اعلان فیس بک کی سالانہ ایف ایٹ کانفرنس کے دوران کیا گیا۔ فیس بک کی زیرملکیت اس ایپ کو اب اینڈرائیڈ صارفین آف لائن بھی استعمال کرسکیں گے۔ آف لائن استعمال کے دوران صارفین اپنی فیڈ میں براﺅز کرسکیں گے جبکہ ایکسپلور ٹیب کو بھی استعمال کرسکیں گے، چاہے انٹرنیٹ کام کررہا ہو یا نہیں۔ تاہم صارفین صرف وہی تصاویر اور پروفائلز دیکھ سکیں گے جو اُس وقت لوڈ ہوچکی ہوں جب ان کی ڈیوائس انٹرنیٹ سے کنکٹ تھی۔ اسی طرح آف لائن تصاویر کو لائیک، کمنٹ اور دیگر افراد کو اَن فالو کیا جاسکے گا مگر انٹرنیٹ کنکٹ ہونے پر ہی یہ عمل مکمل ہوگا۔ فیس بک کے مطابق انسٹاگرام کے 80 فیصد صارفین امریکا سے باہر رہتے ہیں اور اکثر ممالک میں انٹرنیٹ کی سہولت کافی محدود یا اس کی رفتار بہت خراب ہوتی ہے۔ اینڈرائیڈ فونز میں یہ سہولت اس لیے متعارف کرائی گئی ہے کیونکہ ترقی پذیر ممالک میں اکثر گوگل کے اس آپریٹنگ سسٹم والے اسمارٹ فونز ہی استعمال ہوتے ہیں۔ انسٹاگرام کے مطابق آف لائن استعمال کے دوران ایپ میں تصاویر کو محفوظ (save) بھی کیا جاسکے گا۔ اس سے قبل فیس بک نے اپنے ایسے صارفین کے لیے گزشتہ سال فیس بک لائٹ ایپ بھی متعارف کرائی تھی اور اب اسی قسم کا فیچر انسٹاگرام میں بھی دستیاب ہوگا۔

Read 1734 times

Leave a comment