بدھ, 27 نومبر 2024


کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈرنے ہتھیار ڈال دیئے

 


ایمزٹی وی(کوئٹہ) کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کا کمانڈر بلخ شیر بادینی اپنے ساتھیوں کے ہمراہ ہتھیار ڈال کر قومی دھارے میں شامل ہوگیا۔

کوئٹہ میں ایف سی اور وزیرداخلہ بلوچستان کے کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ہتھیار ڈالتے ہوئے کالعدم تنظیم بلوچ لیبریشن آرمی کے کمانڈر بلخ شیر بادینی کا کہنا تھا کہ کم عمری اور نادانی کی وجہ سے کالعدم تنظیم کا حصہ بنا اور دشمن کے ہاتھ میں چلا گیا اور انہیں ہاتھوں میں کھیلتا رہا۔ میں پاکستانی بلوچ ہوں اور آئندہ صرف پاکستان کے لئے لڑوں گا۔

بلخ شیر بادینی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کو پیغام دوں گا کہ وہ تعلیم پر توجہ دیں اور پاکستان کے دشمن بھارت کے بہکاوے میں آکر اپنے ملک کے خلاف کوئی کارروائی نہ کریں۔

اس موقع پر وزیرداخلہ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کی سرپرستی میں بننے والا نام نہاد ایجنڈا پاکستان میں مسلط کیا جارہا ہے لیکن بندوق کے ذریعے مسلط کی جانے والی کسی بھی رائے کو تسلیم نہیں کیا جائے گا اور دشمن کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

صوبائی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشت گردی سمیت سنگین جرائم پر قابو پالیا ہے اور بہت سے فراری اب قومی دھارے میں شامل ہورہے ہیں، کالعدم بی ایل اے نوشکی کے کمانڈر بلخ شیر بادینی کو بھی قومی دھارے میں شامل ہونے پر خوش آمددید کہتے ہیں، ہتھیار پھینکنے والا بلخ شیربادینی 3 سال تک کالعدم تنظیم بی ایل اے کے سوشل میڈیا گروپ کے سربراہ کے طورپر کام کررہا تھا اس سمیت جو بھی فراری واپس آرہے ہیں انہیں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل سیکیورٹی دی جارہی ہے۔ اب بھی بہت سے فراری دبئی میں مقیم ہیں۔ معصوم بلوچ ان کی وجہ سے ہی پہاڑوں پر ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment