جمعہ, 29 مارچ 2024


ملک کے بیشتر علاقوں میں ابر رحمت

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث جہاں سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوا ہے وہیں رابطہ سڑکیں بند اور مواصلاتی نظام درہم برہم ہونے سے لوگوں کی مشکلات بھی بڑھ گئی ہیں۔
ملک بھر میں بارشوں اور برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ سردی کے شدت میں اضافے سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ مری، نتھیاگلی، ٹھنڈیانی اور اسکردو میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جب کہ کوئٹہ اور زیارت میں برف باری کی وجہ سے راستے بند ہوگئے ہیں اور معمولات زندگی مفلوج ہوکر رہ گئے ہیں، 3 روز سے جاری بارش اور برفباری کے باعث درجنوں کچے ماکانات ڈھے گئے ہیں۔ موسم خراب ہونے سے گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر علاقوں سے فضائی رابطہ منقطع ہے، بے نظیر ایئر پورٹ سے
دوسرے روز بھی گلگت اور چترال جانے والے پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔
 
دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقوں میں گزشتہ روز سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ اب بھی جاری ہے جس کے باعث ٹھنڈ کی شدت مزید بڑھ گئی ہے، اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت دیگر علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی جاری ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی کے مطابق شہر قائد میں اگلے 12 سے 18 گھنٹوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے اور آج شام سے رات کے درمیان بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے جب کہ بارش کے بعد شہر کا درجہ حرارت گرسکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کے مغربی سسٹم کا کافی حصہ کراچی سے نکل چکا ہے تاہم نئے مغربی سسٹم کے باعث بلوچستان میں تیز بارشیں ہوئیں ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment