جمعرات, 18 اپریل 2024


ملک میں دہشتگردوں کا خوف۔۔۔انٹیلی جنس نظام مزید متحرک

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)گزشتہ چند روز کے دوران دہشتگردی کے حالیہ واقعات اور جمعۃ المبارک کے باعث ملک بھرمیں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں جب کہ جڑواں شہروں میں حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا گیا ہے۔
راولپنڈی اوراسلام آباد میں پاک فوج نے بے نظیر انٹر نیشنل ایئر پورٹ اور اڈیالہ جیل سمیت متعدد اہم حساس عمارتوں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے، اس کے علاوہ شہرکے داخلی و خارجی راستوں، اہم شاہراہوں ، مساجد، عوامی مقامات اور بازاروں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے گشت بڑھا دیا ہے۔ اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لئے انٹیلی جنس نظام مزید متحرک کردیا گیا ہے، اسپیشل برانچ اورسی آئی ڈی اہلکاروں کوشہر میں پھیل جانے کا حکم دے دیا گیا ، اس کے علاوہ پولیس تھانوں کے ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں کے گیسٹ ہاؤسز، مدارس اور مذہبی مقامات کی نگرانی کی ہدایت کرتے ہوئے انٹیلی جنس اہلکاروں کی اطلاع پر فوری کارروائی کا حکم دے دیا گیا۔
کراچی میں عبداللہ شاہ غازی اور عالم شاہ بخاری رحمۃ اللہ علیہ سمیت شہر کے دیگر پر ہجوم مزارات کے علاوہ مزار قائد اور آرٹس کونسل کو بھی بند کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مساجد، امام بارگاہوں اور اہم شاہراہوں پر پولیس، رینجرز اورمسلح افواج کے اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔
 
دوسری جانب لاہور، کوئٹہ، پشاور، حیدر آباد، سکھر، نواب شاہ ، ملتان، رحیم یار خان ، مظفر آباد، کوہاٹ ، چارسدہ، چمن اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے ششہروں میں بھی سیکیورٹی کو انتہائی ہائی الرٹ کردیا ہے جب کہ پاک افغان سرحدوں پر دوسرے روز بھی تجارتی اور عوامی نقل و حرکت پر بھی پابندی عائد ہے اورکسی بھی افغان شہری کوپاکستان میں داخلے کی اجازت نہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment