ایمزٹی وی(اسلام آباد)طیبہ تشدد کیس میں طیبہ کے والدین نے فرد جرم کو چیلنج کرتے ہوئے ایک بار پھر عدالت میں صلح نامہ جمع کرادیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں طیبہ تشدد کیس کا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل ہوا اور جسٹس محسن اختر کیانی نے کیس کی سماعت کی۔
طیبہ کے والدین نے راجہ خرم اور ان کی اہلیہ کیخلاف فرد جرم کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ راجہ خرم اور اہلیہ کیخلاف جھوٹا مقدمہ درج کیا گیا ہے اور طیبہ پر تشدد کا راجہ خرم اور ان کی اہلیہ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔طیبہ کے والدین نے صلح نامہ عدالت میں جمع کراتے ہوئے استدعا کی کہ مقدمے کی مزید پیروی نہیں کرنا چاہتے جبکہ عدالت نے پولیس کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 5 مئی تک جواب طلب کرلیا ہے۔
یاد رہے کہ کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا تھا جس کے بعد کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں منتقل کردیا گیا تھا ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم دیا تھا۔