ھفتہ, 04 مئی 2024


بہشتی دروازہ کھول دیا گیا،عمران خان نے بھی سعادت حاصل کی


ایمزٹی وی(پاک پتن)عظیم صوفی بزرگ حضرت بابافریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے 774 ویں سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں بہشتی دروازہ زائرین کے کھول دیا گیا ۔ سجادہ نشین کےساتھ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کی ہے ۔
عظیم صوفی بزرگ حضرت بابافریدلدین مسعود گنج شکرؒ کے 774ویں سالانہ عرس مبارک کے سلسلہ میں گزشتہ رات بہشتی دروازہ زائرین کے کھول دیا گیا ۔ سجادہ نشین دیوان مودود مسعود چشتی فاروقی نے بہشتی دروازہ کی قفل کشائی کی ۔ اس موقع پرچیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے علاوہ ملک سے آئے ہوئے مشائخ و عظام سمیت ہزاروں عقیدت مند موجود تھے جنہوں نے رسومات میں شرکت کی ۔
بہشتی دروازہ کھلتے ہی دربار حق فرید یا فرید اور اللہ محمد چار یار حاجی خواجہ قطب فرید کے نعروں سے گونج اُٹھا ۔ روایات کے مطابق تالیاں بجا کر بہشتی دروازہ کھولا گیا ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سجادہ نشین کے ساتھ بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کی ۔ اس موقع پر دربار میں سیکورٹی کے انتہائی ناقص انتظامات دیکھنے میں آئے ۔ دربار کے صحن میں گنجائش سے زائد زائرین آنے پر پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا اور دھکم پیل سے شدید بدنظمی کا ماحول رہا ۔ اسی طر ح نگینہ چوک میں لاٹھی چارج سے درجنوں زائرین زخمی ہو گئے جنہیں طبی مراکز اور ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
پہلی رات ایک لاکھ سے زائد عقیدت مندوں نے بہشتی دروازہ سے گزرنے کی سعادت حاصل کی ، آج دوسرے روز پھر زائرین کے لئے بہشتی دروازہ کھولا جائیگا ۔ ڈی پی او کامران یوسف کے مطابق سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں اور عرس پر ایک ہزار سے زائد پولیس اہلکار ڈیوٹی دے رہے ہیں ۔
ذرائع کے مطابق 30 اکتوبر کو اسلام آباد میں دھرنے کو کامیاب بنانے کے لئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے حضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دی اور عرس کی رسومات میں شرکت کی ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment