جمعہ, 26 اپریل 2024


عام انتخابا ت سے قبل کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ، مولانا فضل الرحمان

ایمز ٹی وی ( لاہور ) مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ عام انتخابا ت سے قبل کوئی تبدیلی کا امکان نہیں ہے، سب کو 2018کا انتظار کر نا ہوگا، زمانہ بدل چکا تبدیلی نعروں یا دھرنوں سے نہیں آسکتی ہے، ملک میں تبدیلی اقتصادی راہداری سے آئے گی اور اس منصوبے کو ناکام بنانے کی کو شش کی جا رہی ہے، حکومت اور تمام ادارے اقتصادی راہداری کے منصوبے کی تکمیل پر متفق ہیں۔ جے یو آئی کے نزدیک فیصلے پارلیمنٹ میں ہوتے ہیں سڑکوں اور چوکوں میں نہیں ہوتے وہ گزشتہ روز جماعتی ذمہ داروں سے گفتگو کر رہے تھے۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پانامہ لیکس کے حوالے سے کیس جب سپریم کورٹ میں چلا گیا ہے اب اس کے بعد دھرنے اور احتجاج کا سیاسی اور اخلاقی طور پر کوئی جواز باقی نہیں رہتا ہے۔ بدقسمتی سے اسمبلیوں میں بھی غیر سنجیدگی ہے سیاسی ماحول بھی غیر سنجیدگی کا شکار ہے سیاست کے نام پر غیر سیاسی حرکتیں کی جارہی ہیں ملک ترقی کے راستے چل رہا ہے قوم کسی کو ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دے گی۔ دریں اثناء صوۃ القرآن سلور جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ نئی تہذیب کے نام پر نوجوان نسل کو بزرگ نسل سے دور کیا جا رہاہے نوجوان نسل قرآن سے جڑنے سے ہی صراط مستقیم پر چل سکے گی، سیاست کو بچپنا سے آزاد کرنا ہوگا۔ پاکستان رمضان المبارک میں بنا اور قرآن مجید بھی رمضان المبارک میں نازل ہوا ہے رمضان میں بننے والے پاکستان کے مسائل کا حل بھی قرآن میں ہے قرآن کے ساتھ تعلق مضبوط کرنے سے مسائل حل ہوں گے تقریب میں اکرم خان درانی، سردار یوسف، قاری صداقت، مولانا امجد خان، مفتی محمد خان قادری اور دیگر موجود تھے جبکہ قاری صداقت اور پی ٹی وی کے مختلف ذمہ داروں کو اعزازی شیلڈز دی گئیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment