ھفتہ, 18 مئی 2024


پیپلز پارٹی الیکشن کے لئےتیار ہے، سابق صدر

 

ایمزٹی وی(لاہور)سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ الیکشن کا وقت قریب ہے اور پیپلز پارٹی الیکشن کیلئے تیار ہے، ان کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کہتے کسے ہیں۔ پیپلز پارٹی کا ایک وفد تمام پارٹیوں سے مذاکرات کرے گا تاکہ پورے پاکستان، بالخصوص پنجاب اور شہر لاہور میں صاف شفاف الیکشن کرایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری سینئر پارٹی رہنماءعزیز الرحمان چن کی رہائش گاہ آئے جہاں انہوں نے کارکنوں کیساتھ خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کارکنوں کا ولولہ، جوش دیکھ کر پتہ لگتا ہے کہ پیپلز پارٹی اور کارکن اب دوبارہ ایک مقابلے کیلئے تیار ہیں، پچھلی دفعہ ہم پر ہتھکڑیاں لگی ہوئی تھیں لیکن اس دفعہ کوئی ہتھکڑی نہیں، میں خود اور بلاول میدان میں ہیں، آپ کی بیٹیاں میدان میں ہیں، ہم سب ساتھ نکل کر میدان میں مقابلہ کریں گے اور ان کو پتہ چل جائے گا کہ الیکشن کسے کہتے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کا وقت آنے والا ہے، ان دوستوں کو اور آپ کو سمجھنا چاہئے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کبھی بھی شکست نہیں کھائی۔ پیپلز پارٹی نے پنجاب سے کبھی شکست نہیں کھائی البتہ آر او الیکشن سے شکست ضرور کھائی ہے، آر او الیکشن پہلے بھی ہوئے تھے اور اب بھی ہو رہے ہیں لیکن ہم نے ان کا مقابلہ کرنا ہے۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کے پاس پیپلز پارٹی کا ایک وفد بھیجیں گے جو مذاکرات کرے گا کہ کس طرح پورے پاکستان بالخصوص پنجاب اور شہر لاہور میں صاف اور شفاف الیکشن کر سکیں۔ آپ دوستوں کا ولولہ دیکھا ہے اور قربانیاں بھی یاد ہیں، آج شہیدوں کی بہنیں یہاں موجود ہیں، میں نے وہ دن بھی دیکھے کہ جب بی بی آیا کرتی تھیں تو پورا لاہور بند ہو جایا کرتا تھا، اب بھی ایسا ہی ہو گا، ہم جب نکلیں گے تو پورا لاہور بند ہو گا ۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment