پیر, 06 مئی 2024


مضحر صحت دودھ نے بچوں کی حالت غیر کردی

ایمزٹی وی (فیصل آباد) فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد میں مضر صحت دودھ سوڈا پینے سے بچوں سمیت 100 افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ پولیس نے دکاندار اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری کے مالک کوگرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق مراد آباد میں سرور گجر نامی شخص نے دودھ کی نئی دکان کا افتتاح کیا اور اس موقع پر اس نے محلے میں مفت دودھ سوڈا تقسیم کیا۔ مضر صحت دودھ سوڈا پینے سے سو سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی جن میں زیادہ تعداد بچوں کی تھی جبکہ متاثرہ افراد میں خواتین بھی شامل ہیں۔ متاثرہ افراد کو قریبی جنرل اسپتال منتقل کیا گیامگر اسپتال میں عملے کی کمی اور متعلقہ سہولتوں کی عدم دستیابی کے باعث مریضوں کی اکثریت کو الائیڈ اسپتال ریفر کردیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ کے پاس ایمبولینسز نہ ہونے کے باعث لوگ اپنی مدد آپ کے تحت مریضو ں کو لے جاتے رہے۔ حالت بہتر ہونے پر 55 افراد کو اسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا۔ دوسری طرف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دودھ سوڈا تقسیم کرنے والے شخص سرور گجر اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری کے مالک ملک یونس کو گرفتار کرکے دودھ کی دکان اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری کو سیل کردیا۔ جبکہ محکمہ صحت کی درخواست پر تھانہ غلام محمد آباد میں واقعہ کا مقدمہ دکاندار اور سوڈا واٹر بنانے والی فیکٹری مالک کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment