ھفتہ, 04 مئی 2024


لاہور میں تیز آندھی,اور کراچی میں تاریخ پہ تاریخ

ایمزٹی وی(لاہور) پنجاب میں تیز ہواؤں کے ساتھ ابر رحمت ہوئی تو روزے داروں نے سکھ کا سانس لیا۔ لاہور میں تیز آندھی کے بعد طوفانی بارش ہوئی تو فیصل آباد میں بھی کالی گھٹاوں سے دن میں رات کا سماں بن گیا، سیالکوٹ بھی دھل گیا، کسی کو سائے کی تلاش رہی تو کوئی بھیگتا رہا۔

محکمہ موسمیات کی بارش کی نوید نے پنجاب میں بھر میں جل تھل کردیا، علی الصبح سے شروع ہونے والی موسلا دھار بارش وقفے وقفے سے پنجاب کے مختلف شہروں میں جاری ہے۔

فیصل آباد میں کالی گھٹاؤں نے دن میں رات کا سماں باندھ دیا، تیز ہواؤں کے بعد ابر رحمت برسا تو موسم اور بھی دلکش ہوگیا، سرگودھا میں بھی بادلوں نے انگڑائی لی اوررم جھم بارش سے روزے داروں کے چہرے کھل اٹھے۔ جھنگ اور گرد و نواح میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

منڈی بہاءالدین میں بارش ہوئی تو ہرطرف جل تھل ہوگیا، میانوالی اور گرد و نواح میں بھی جم کر بادل برسے۔ گوجرانوالہ میں طوفانی بارش کے ساتھ ہی73فیڈرز ٹرپ کرگئے، ننکانہ صاحب، پنڈی بھٹیاں ، حافظ آباد اور ملتان اور گردو نواح میں گرد آلود تیز ہوائیں چلیں، نارووال اور گرد و نواح میں بھی تیز بارش نے گرمی کی شدت کم کرکے موسم خوشگوار کردیا

اسلام آباد اور راول پنڈی میں بھی بادل دل کھول کر برس پڑے، محکمہ موسمیات نے آج شام مزید بارش کی نوید سنائی ہے

دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی بدھ کے روز علی الصبح بوندا باندی نے موسم خوشگوار بنا دیا، محکمہ موسمیات نے ایک بار پھر کراچی میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے، میٹ آفس کے مطابق 27 جون سے کراچی میں بھی بادل برسیں گے، جب کہ یہ سلسلہ وقفے وفقے سے عید تک جاری رہے گا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment