بدھ, 08 مئی 2024


وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا وی آئی پی کلچر کے خلاف پہلا اقدام

 

ایمزٹی وی(کراچی) سندھ کے نئے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے جہاں وزیراعلیٰ ہاؤس کے سامنے سے رکاوٹیں ہٹا کر وی آئی پی کلچر کے خلاف پہلا قدم اٹھایا وہیں انہوں نے اس کے برعکس پروٹوکول کلچر کو برقرار رکھا اور شاہانہ انداز میں مزار قائد پہنچے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے کا چیف ایگزیکٹو منتخب ہونے کے بعد وی آئی پی کلچر کے خاتمے اور پروٹوکول نہ لینے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت انہوں نے اپنی سیٹ سنبھالتے ہی وزیراعلیٰ ہاؤس کے باہر لگی رکاوٹیں ہٹانے کا حکم دیا جسے فوری طور پر ہٹادیا گیا۔

دوسری جانب مراد علی شاہ نے صوبے میں پروٹوکول کلچر کو برقرار رکھا اور شہنشاہ کی طرف شاہانہ انداز میں مزار قائد پہنچے۔ نمائندہ مراد علی شاہ 55 گاڑیوں کے جھرمٹ میں وزیراعلیٰ ہاؤس سے مزار قائد کے لیے روانہ ہوئے اور اس موقع پر ان کے ہمراہ کابینہ ارکان بھی تھے، وزیراعلیٰ کی آمدورفت کےباعث عوام کو پروٹوکول کلچر کی بھینٹ چڑھنا پڑا اور وڈے سائیں کا قافلہ گزرنے تک جو جہاں تھا اسے وہیں روک دیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ سندھ کی مزار قائد پر حاضری کے دوران مزار کو عام عوام کے لیے بند کردیا گیا جب کہ مراد علی شاہ کا قافلہ جہاں جہاں سے گزرا وہاں ٹریفک کو روک دیا گیا جس کے بعد عوام نے نئے وزیراعلیٰ کے پروٹوکول نہ لینے کے اعلان پر انگلیاں اٹھانا شروع کردی ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment