جمعہ, 03 مئی 2024


2نومبر دھرنا،انسانی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ

 

2نومبر دھرنا،انسانی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ

ایمز ٹی وی(حیدرآباد) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کا دھرنا کہیں ایسا راستہ اختیار نہ کرجائے کہ جس میں انسانی جانیں جانے کا خطرہ ہو، سسٹم کو خطرہ محسوس کررہا ہوں، آرمی چیف کے معاملے پر وزیراعظم نے تاخیر کی ہے، انہیں یہ معاملہ 15روز پہلے ہی حل کرلینا چاہیئے تھا۔

یہ بات انہوں نے حیدرآباد میں پیپلز پارٹی کے رہنماء سید نوید قمر سے سید قمرالزماں شاہ کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

خورشید شاہ نے کہا کہ احتجاج اس سے پہلے بھی ہوتے رہے ہیں، لیکن حکومت کو اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ احتجاج کہیں ایسا راستہ اختیار نہ کرجائے جس میں انسانی جانیں ضائع ہونے کا خدشہ ہو، امید کرتا ہوں کہ عمران خان بھی کارکنوں کو اس جانب نہیں دھکیلیں گے جس میں جانی نقصان کا اندیشہ ہو، اگر ایسا ہوا تو اس کی زیادہ ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوگی۔

آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے کئے گئے سوال پر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے آرمی چیف کے حوالے سے فیصلے میں تاخیر کی ہے، انہیں یہ معاملہ 15روز پہلے ہی حل کرلینا چاہئے تھا۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ سسٹم کو خطرہ موجود ہے، 3 ڈکٹیٹروں کے ساتھ فیصلہ کن جنگ لڑی ہے جس میں قیادت کا نقصان ہوا، جیل گئے اور کوڑے بھی کھائے لیکن عمران خان نے ابھی تک کچھ نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے چار مطالبات میں سے تین پر حکومت نے آمادگی ظاہر کردی ہے جبکہ ایک مطالبے پر حکومت کا کہنا ہے کہ اس پر بیٹھ کر بات کی جاسکتی ہے۔

ڈبل شاہ سے متعلق سوال پر اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ میں بھی شاہ ہوں اور نوید قمر بھی شاہ ہیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment