اتوار, 28 اپریل 2024


پاکستان اور ترکی کی مشترکہ بحری مشقوں کا آغاز

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان نیوی فلیٹ یونٹس اور کراچی کے دورے پر آئے ہوئے ترک بحریہ کے جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کے درمیان بحیرہ عرب میں فوجی مشقیں دوسرے دن بھی جاری رہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک نیوی اور ترک بحریہ کے درمیان فوجی مشقوں کا مقصد باہمی اشتراک بڑھانا اور علاقائی بحری سیکیورٹی کے لئے مل کر کام کرنا تھا،ان مشقوں کا آغاز گزشتہ روز ہوا تھا۔

مشقوں میں اینٹی ایئر وارفیئر آپریشنز،کمیونیکیشن کی مشقیں اور پاکستان نیوی کے بحری جہازوں،ہیلی کاپٹرز اور ترک بحری جہاز کے مشترکہ ڈرل شامل تھیں۔

ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف(آپریشنز)وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی اور کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل عارف اللہ حسینی نے ترک مشن کمانڈر کے ہمراہ ترک بحری جہاز پر مشقوں کا معائنہ کیا اور دونوں ممالک کی بحری افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے مہارت کے اعلیٰ مظاہرے پر اطمینان کا ظاہر کیا۔

اس موقع پر نیوی حکام کا کہنا تھا کہ پاک ترک بحری مشق سے دونوں ممالک کی بحری افواج کو ایک دوسرے سے سیکھنے کا موقع ملے گا اور دونوں ممالک کو اپنی اپنی جنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا موقع میئسر آسکے گا جو کہ خطہ کے باہمی مفادات کے لیے خوش آئند امر ہے۔

دفاعی تجزیہ نگاروں نے پاکستان اور ترک بحری افواج کے مابین دورے اور مشترکہ مشقیں دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور تعاون کا مظہر ہیں اور اسی سلسلے میں ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا کا یہ دورہ دفاعی تعلقات کو بہتر بنانے اور دونوں ملکوں اور بالخصوص دونوں بحری افواج کے درمیان روابط مضبوط کرنے کا باعث بنے گا۔واضح رہے کہ ترک بحری جہاز ٹی سی جی بایو کاڈا پاکستان کے خیر سگالی کے دورے پر ہے

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment