اتوار, 28 اپریل 2024


زکریا ایکسپریس فرید ایکسپریس سے جاٹکرائی



ایمز ٹی وی(کراچی)لانڈھی قذافی ٹاون کی حدود میں دو ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں21 افراد جاں بحق اور 50سے زائد مسافر زخمی ہوگئے ہیں


جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہاہے ۔ پاک فوج ،رینجرز، پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔وزیراعظم نواز شریف نے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضائع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کردیا ۔وفاقی وزیر ریلوے نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین اور زخمیوں کے لیے امدادی رقوم کا اعلان کردیا ۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق فرید اور زکریا ایکسپریس کے درمیان تصادم ہوا، فرید ایکسپریس ٹریک پر کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنیوالی زکریا ایکسپریس اس سے جاٹکرائی جس سے تین سے چار بوگیاں متاثر ہوئیں اور اس میں سوار 21مسافر جاں بحق جبکہ 50سے زائد زخمی ہوگئے۔ دونوں ٹرینیں پنجاب سے آرہی تھیں۔حادثے کے بعد امدادی کاموں اور تحقیقات کے لیے پاک فوج ،رینجرز ،پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق جمعہ فرید ایکسپریس ریلوے اسٹیشن پر کھڑ ی تھی ،ذکریا ایکسپریس کے ڈرائیور نے اشارے کو نظر انداز کیا اوردونوں میں ٹکر ہو گئی ۔


ریسکیو ذرائع کے مطابق تاحال بوگیوں میں مسافر پھنسے ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں ،دو کرینیں بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں، زخمیوں میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں جبکہ متعدد افرادتاحال پھنسے ہوئے ہیں، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق پورے شہر کی ریسکیو ٹیمیں موقع پر بھیج دی گئی ہیں۔ادھر وزیر اعظم نواز شریف نے حادثے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیا ں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں ۔وفاقی وزیر ریلوے نے واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بنا دی ۔خواجہ سعد رفیق نے جاں بحق ہونے والوں کے لیے 10,10لاکھ روپے جبکہ زخمی ہونے والوں کے لیے 5,5لاکھ روپے کا اعلان کردیا ۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment