بدھ, 26 جون 2024


کامران فاروقی سانحہ 12مئی اور سانحہ طاہر پلازہ میں ملوث ہیں،پولیس


ایمز ٹی وی(کراچی) انسداد دہشت گردی عدالت نے متحدہ کے رکن سندھ اسمبلی کامران فاروقی کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ۔


سانحہ بارہ مئی کی پاداش میں گرفتار متحدہ کے رکن اسمبلی کامران فاروقی کو آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے درجنوں افراد کے قتل کا اعتراف کر لیا ہے ۔


تفتیشی افسر نے اپنے بیان میں عدالت کو بتایا کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ 12مئی کو سابق چیف جسٹس کی ریلی کو روکنے کیلئے فائرنگ کی اور ریلی پر فائرنگ متحدہ کی قیادت کے حکم پر کی ۔


سندھ رینجرز کے وکیل نے عدالت کے سامنے دلائل دیے کہ ملزم کامران فاروقی سانحہ 12مئی اور سانحہ طاہر پلازہ میں بھی ملوث ہے جبکہ ملزم نے سندھ محبت ریلی پر فائرنگ بھی کی ۔وکیل کا کہنا تھا کہ ملزم نے پی پی پی کارکن طارق لشکری کو بھی قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے ۔عدالت نے وکلاء اور تفتیشی افسر کے بیانات کے بعد ملزم کامران فاروقی کو 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے کردیا ۔

یاد رہے کامران فاروقی کو 2 روز قبل نارتھ ناظم آباد کے علاقے سے گرفتار کیا گیا تھا ۔ان پر سانحہ بارہ مئی میں ملوث ہونے سمیت کئی افراد کے قتل اور دیگر جرائم کے الزامات ہیں۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment