ھفتہ, 18 مئی 2024


وفاقی حکومت کے 25 ارب کے پیکیج سے شہر میں ضروری ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے،ارشد وہرہ

 

ایمز ٹی وی (کراچی)ڈپٹی میئر کراچی ڈاکٹرارشد عبداللہ وہرہ نے کہا ہے کہ اعلان کردہ وفاقی حکومت کے 25 ارب کے پیکیج سے شہر میں ضروری ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے یہ پیکیج تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہے ۔ پاکستان کے70 ویں جشن آزادی میں بچوں بڑوں سب کی یکساں شرکت اچھی علامت ہے، اتحاد ویکجہتی برقرار رکھنے کیلئے پاکستانی قوم کو اپنا یوم آزادی اسی جوش وخروش سے منانا چاہیئے۔ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام اسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کو بھی جشن آزادی کی خوشیوں میں شریک رکھنا چاہتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی صبح سوبھراج میٹرنٹی اسپتال کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا سوبھراج اسپتال آمد پراسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر محمدعلی نے ڈپٹی میئرکراچی کو خوش آمدید کہا جبکہ ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر سلیم بھولا والا اور دیگرافسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔

ڈپٹی میئر نے اسپتال کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور اسٹاف سے بات چیت کی جبکہ سٹی کونسلر تحسین عابدی اور دیگر خواتین بلدیاتی نمائندوں نے اسپتال کے گائنی اور دیگر وارڈز میں جاکر وہاں داخل مریضوں کو ڈپٹی میئر کراچی کی طرف سے یوم آزادی کے تحائف اور پھول دیئے ۔ ڈپٹی میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے لئے اعلان کردہ وفاقی حکومت کے 25 ارب کے پیکیج سے شہر میں ضروری ترقیاتی کام انجام دیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پیکیج تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہے اور ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی میں پہلے سے جاری گرین لائن بی آرٹی بس پروجیکٹ کے فور منصوبہ اور دیگر ترقیاتی منصوبے جلد پایہ تکمیل کو پہنچے جبکہ لیاری ایکسپریس وے کے باقی ماندہ کام کے بھی جلد مکمل ہونے کی توقع ہے ۔ ڈپٹی میئر نے کہا کہ ہم شہر میں بے ہنگم اور خلاف ضابطہ اشتہاری ہورڈنگز لگانے کے خلاف ہیں انہوں نے خاص طورپر کارسازروڈ اور شارع فیصل کا حوالہ دیا جہاں اشتہاری ہورڈنگز کی بھرمار ہے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سپریم کورٹ کی ہدایات موجود ہیں اور یہ تمام چیزیں قواعد وضوابط اور ڈسپلین کے تحت لائی جانی چاہئیں۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment