اتوار, 28 اپریل 2024


بھارتی میچ فکسر لندن میں گرفتار

ایمز ٹی وی (کھیل) 2000 کے میچ فکسنگ اسکینڈل کا ایک اہم ملزم سنجیو چاؤلہ لندن میں پکڑا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی حکومت کی درخواست پر کچھ عرصہ قبل لندن میں ان کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔ سنجیو چاؤلہ کے کیس کے سماعت 3 اکتوبر کو لندن میں ہی ہوگی جبکہ یوکے کراؤن پروٹیکشن سروس نے دہلی پولیس سے پوچھا ہے کہ جہاں پر چاؤلہ کو رکھا جائے گا وہاں کے سیکیورٹی انتظامات کیسے اور کیا سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پروٹیکشن سروس کے ترجمان یاسر محمود کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت نے چاؤلہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا تھاجس کے بعد ان کی گرفتاری عمل میں آئی، ان پر بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2000 میں کھیلے گئے میچز میں فکسنگ کے الزامات ہیں۔

ان کے کیس کی سماعت ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کورٹ میں تین اکتوبر کو ہوگی، جس میں یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ سنجیو چاؤلہ کو بھارت کے حوالے کیا جائے یا نہیں۔یاد رہے کہ دہلی پولیس کی جانب سے جولائی 2013 میں جو چارج شیٹ پیش کی گئی تھی اس میں چاؤلہ اور جنوبی افریقہ کے آنجہانی قائد ہنسی کرونیے کو بھی شامل کیا گیا تھا۔ جنوری 2001 میں بھی چاؤلہ کو نارتھ لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے میچ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیا تھا، تب ان پر 1999 میں اولڈ ٹریفورڈ میںنیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ میں انگلش پلیئرز کو ناقص کھیل پیش کرنے کے عوض رقم کی پیشکش کرنے کا الزام تھا مگر اسی سال وہ جون میں ٹھوس شواہد نہ ہونے کی وجہ سے بچ نکلے تھے۔ دہلی پولیس کے چارج شیٹ میں شامل دیگر بک میکرز اور سٹہ بازوں میں راجیش کالرا، کرشن کمار، سنیل دارا اور منموہن خاطر کا نام شامل ہے۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment