پیر, 06 مئی 2024


حفیظ اور بابر کی واپسی کے امکانات روشن ہوگئے

ایمز ٹی وی (کھیل) قومی سلیکشن کمیٹی ٹیسٹ اوپنر محمد حفیظ کی فٹنس سے مطمئن ہونے کےلئے انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف سہ روزہ میچ میں کھلانے پر غور کر رہی ہے۔ ٹیسٹ ٹیم میں افتخار احمد کی جگہ بابر اعظم کی شمولیت یقینی ہے۔

محمد حفیظ لارڈز کے ون ڈے سے قبل ان فٹ ہوکر وطن واپس آگئے تھے انہوں نے ہفتے کو کم بیک میچ میں قائد اعظم ٹرافی میں سوئی ناردرن گیس کی جانب سے نصف سنچری بنائی تھی۔ سوئی ناردرن گیس کی جانب سے ٹیسٹ ٹیم میں شمولیت کے امیدوار افتخار احمد نے127اور ٹیسٹ اوپنر محمد حفیظ نے68رنز بنائے۔

جناح اسٹیڈیم سیالکوٹ میں فاٹا کے خلاف سوئی ناردرن نے پانچ وکٹ پر364رنز بنائے۔ ذمےدار ذرائع کے مطابق حفیظ کی فٹنس کا جائزہ لینے کے لئے انہیں ٹیسٹ میچ سے قبل سائیڈ میچ کھلایا جاسکتا ہے۔ حالانکہ سلیکٹرز نے پہلے ہی شارجہ کے ڈے اینڈ نائٹ میچ کے لئے تیرہ کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے۔

حفیظ ممکنہ طور پر 14ویں کھلاڑی ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی سلیکشن کمیٹی ون ڈے سیریز کے کامیاب بیٹسمین بابر اعظم کو پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں موقع دینا چاہتی ہے۔ افتخار احمد نے قائد اعظم ٹرافی کے پہلے میچ میں سنچری بنائی لیکن ان کو ٹیسٹ ٹیم میں جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

محمد نواز کو بھی ٹیسٹ ٹیم میں موقع دینے کی تجویز ہے۔ ان کی شمولیت کی ویسٹ انڈیز کے خلاف شارجہ میں سہ روزہ میچ کی کارکردگی سے مشروط ہوگی۔ یونس خان نے ڈینگی وائرس سے نجات کے بعد کراچی میں ٹریننگ شروع کردی ہے۔ یونس خان نے اپنا فٹنس سرٹیفکیٹ بورڈ کو بھیج دیا ہے۔

ٹیسٹ ٹیم کا اعلان پیر یا منگل کو کیا جائے گا۔ تاہم اگر کوئی کھلاڑی سائیڈ میچ میں غیر معمولی کارکردگی دکھاتا ہے تو اسے ٹیسٹ ٹیم میں شامل کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم میں بابر اعظم کے علاوہ زیادہ تر کھلاڑی وہی ہوں گے جنہوں نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز دو دو سے برابر کی تھی۔

پاکستان کی ممکنہ ٹیسٹ ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ انضمام الحق (کپتان)، اسد شفیق، اظہر علی، بابر اعظم، محمد حفیظ، سمیع اسلم، شان مسعود، عمران خان، راحت علی، سہیل خان، وہاب ریاض، محمد عامر، محمد رضوان، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)، یاسر شاہ، یونس خان اور ذوالفقار بابر یا محمد نواز۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment