منگل, 07 مئی 2024


پاکستان کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ

ایمز ٹی وی (کھیل) پاکستان نے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے ایک وکٹ کے نقصان پر 279 رنز بنا لئے۔ دبئی انٹرنیشنل گراؤنڈ میں کھیلے جانے والے تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا ٹاس پاکستانی کپتان مصباح الحق نے جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد اوپننگ بلے باز اظہرعلی اور سمیع اسلم نے پراعتماد انداز سے کھیلتے ہوئے ٹیم کو 215 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ محمد اسلم 90 رنز بنا کرآؤٹ ہوئے جب کہ اظہرعلی نے اپنی سنچری مکمل کرلی اور پہلے دن کھیل کے اختتام تک 146 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں جب کہ اسد شفیق بھی ان کے ہمراہ 33 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

میچ سے قبل قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے سینئر بیٹسمین یونس خان بیماری کے باعث آج کے میچ میں ٹیم کا حصہ نہیں ان کی غیر موجودگی میں بابراعظم ٹیسٹ ڈیبیو کریں گے جب کہ محمد نواز کو بھی ٹیسٹ کیپ دی گئی ہے۔ پاکستان اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں کرکٹ کی تاریخ میں دوسرا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کھیلنے کا اعزاز حاصل کررہی ہیں۔ اس سے قبل کرکٹ کی تاریخ کا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ گزشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا گیا تھا۔

قومی ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں سمیع اسلم، اظہر علی، بابراعظم، اسدشفیق، سرفراز احمد، محمد نواز، یاسرشاہ، وہاب ریاض، محمد عامر اور سہیل خان پر مشتمل ہے جب کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم جیس ہولڈر کی قیادت میں کارلوس بریتھ ویٹ، لیون جونسن، ڈیرن براؤ، مارلن سیموئلز، جرمائن بلیک ووڈ، روسٹن چیس، شان ڈورچ، ڈیونڈرا بیشو، مگویل کمنز، شانون گبریل پر مشتمل ہے۔

دوسری جانب لیگ اسپنر یاسر شاہ اب تک 16 میچز میں 95 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور اگر وہ اس ٹیسٹ میں 5 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کم ٹیسٹ میچز میں وکٹوں کی سنچری بنانے والے پہلے بولر بننے کا اعزاز حاصل کرلیں گے۔

واضح رہے پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈیز کو کلین سوئپ کیا تھا۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment