اتوار, 05 مئی 2024


ویسٹ انڈیز نے گرین کیپس کو وائٹ واش کے اعزاز سے محروم کر دیا


ایمز ٹی وی (کھیل) ویسٹ انڈیز نے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر گرین کیپس کو دورے میں تیسرے وائٹ واش کے اعزاز سے محروم کر دیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے آخری ٹیسٹ میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 154 رنز کا ہدف باآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر کے سیریز میں واحد فتح حاصل کی۔ تیسرے ٹیسٹ کے آخری روز میچ جیتنے کے لیے ویسٹ انڈیز کو 39 رنز جب کہ پاکستان کو 5 وکٹیں درکار تھیں تاہم برتھ ویٹ اور ڈورچ کی ناقابل شکست اننگز نے پاکستان کو وائٹ واش کے اعزاز سے محروم کردیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے 60، 60 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ برتھ ویٹ پہلی اننگز میں بھی 142 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے تھے اور شاندار کارکردگی پر انہیں مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ چوتھی اننگز میں پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 3 جب کہ وہاب ریاض نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ 14 ٹیسٹ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی پہلی فتح ہے اور کالی آندھی نے آخری مرتبہ مئی سنہ 2015 میں انگلینڈ کے خلاف برج ٹاؤن ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

مین آف دی سیریز کا پاکستان کے لیگ اسپنر یاسر شاہ کو دیا گیا جنہوں نے 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں مجموعی طور پر 21 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اس سے قبل پہلی اننگز میں پاکستان کے 281 رنز کے جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 337 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی اور یوں انہیں پاکستان پر 56 رنز کی برتری حاصل ہوئی جب کہ دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور صرف 208 رنز ڈھیر ہو گئی۔ پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی جانب سے برتھ ویٹ 142 رنز پر ناقابل شکست رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں روسٹن چیز 50 اور شین ڈورچ 47 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض نے 5، محمد عامر نے 3 اور یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment