بدھ, 08 مئی 2024


پی ایس ایل میں کرپشن کی کہانی کےنت نئے انکشافات

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کرپشن کی کہانی منظرعام پر آچکی ہے اور نت نئے انکشافات کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اس تمام تر معاملے پر ایک بک میکر کا کہنا ہے کہ یہ تمام میچ پہلے سے ہی فکس ہیں اور اس ایونٹ پر جتنے پیسے خرچ کئے گئے ہیں وہ پہلے دو میچوں میں ہی پورے کئے جا چکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بک میکر بٹ نے نجی ٹی وی سماءنیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ساری چیز داﺅ پر ہے ، یعنی میچ ہونے سے پہلے ہی دبئی کے تمام بڑے ہوٹلوں میں کمرے بک ہو چکے ہیں اور بھارت اور لاہور کے سٹے باز وہاں بیٹھے ہوئے ہیں۔ بک میکر نے کہا کہ لیگ کے پہلے دو میچ جس طرح کرائے گئے ہیں انہوں نے بک میکرز اور پنٹرز کو بھی فارغ کر دیا ہے اور پورے ٹورنامنٹ کے پیسے پورے کر لئے ہیں ۔ 

ایک سوال کے جواب میں بک میکر بٹ نے کہا کہ تمام کھلاڑی پہلے سے ہی بک ہیں، یہ میچ نہیں بلکہ بہت بڑا جواءہو رہا ہے، کسی شریف آدمی سے پوچھیں جسے کرکٹ کی الف، ب کا بھی نہیں پتہ، وہ بھی کہے گا کہ جواءہو رہا ہے ۔ بک میکر کا کہنا تھا کہ دبئی میں بہت بڑی بک ہے جو لاہور سے دبئی میں اکٹھی ہوتی ہے اور انگلینڈ میں اکٹھی ہوتی ہے، ہمارے ملک سے پانی کی طرح پیسہ جا رہا ہے۔

بک میکر سے سوال کیا گیا کہ اب تک کتنا سٹہ لگ چکا ہے تو اس کا کہنا تھا کہ کیا آپ کو نہر میں بہتے پانی کا اندازہ ہے؟ بالکل اسی طرح اس کا بھی کوئی اندازہ نہیں ہے، میں تو یہاں تک بتا رہا ہوں کہ ایونٹ پر جتنے پیسے لگے ہیں وہ دو میچوں میں پورے ہو چکے ہیں ۔ 
بک میکر بٹ کا مزید کہنا تھا کہ دبئی کے ہوٹلوں میں جواریوں کے علاوہ کھلاڑیوں کے مہمانوں کیلئے بھی کمرے بک کئے جا چکے ہیں اور لاہور سے ساری کٹنگ دبئی اور دبئی سے بھارت میں ہو رہی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں بک میکر نے کہا کہ جس طرح ایک فلم بنتی ہے، اس میں سب کا اپنا اپنا کردار ہوتا ہے، اسی طرح یہ بھی میچ نہیں ہو رہے بلکہ ایک فلم بن رہی ہے اور ہر کھلاڑی کی جب میں پرچی میں جس میں اس کے کردار سے متعلق لکھا ہے، وہ اپنا کردار ادا کرتا ہے اور پھر واپس چلا جاتا ہے۔


 

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment