پیر, 06 مئی 2024


ہاکی فیڈریشن میں آپریشن کلین اپ کاآغاز

 

ایمزٹی وی (اسپورٹس)قومی ہاکی ٹیم کی ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ میں ناقص کارکر دگی پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ٹیم میں آپریشن کلین اپ کا فیصلہ کرلیاہے، اس حوالے سے صدر پی ایچ ایف نے سیکریٹری شہباز احمد سینئر، چیف سلیکٹر رشید جونیئر، ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ اینڈ ڈومیسٹک نوید عالم، حسن سردار سمیت متعدد سابق اولیمپئنز اور اعلیٰ حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں۔

پی ایچ ایف ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ہونے والے اجلاسوں میں صدر پی ایچ ایف نے قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی کو نا قابل قبول قرار دیتے ہوئے پی ایچ ایف کے عہدیداران پر واضح کیا گیاہے کہ اب وہ کسی کا لحاظ نہیں کریں گے جو لوگ اس ناقص کارکردگی کے ذمہ دار ہیں انھیں چند دنوں میں ان کی ذمہ داریوں سے ہٹاکر ان کی جگہ اہل اور قابل لوگوں کو تعینات کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ اگر اب کسی نے ذاتی پسند اور نا پسند دوستیوں اور تعلقات کی بنیاد پر فیصلے کیے تو وہ اسے بھی ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ صدر پی ایچ ایف کا کہنا تھا کہ بطور صدر میرا کام فیڈریشن کیلیے فنڈز کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا اور میں نے اپنا کام پوری ذمہ داری کے ساتھ کیا مگر دوسری جانب سینئرجونئیر اور دیگر ٹیموں کی مینجمینٹ نے اپنی ذمہ داریوں کو ادا نہیں کیا جس کی وجہ سے قومی وقار میں کمی واقع ہوئی اور پی ایچ ایف اب تک تنقید کی زد میں ہے۔

اجلاس میں سیکریٹری پی ایچ ایف شہباز سینئر نے کہا کہ وہ ایمانداری کے ساتھ سمجھتے ہیں کہ ٹیم مینجمنٹ نے اپنے کام سے انصاف نہیں کیا اگر کیا ہوتا تو آج نتائج اس طرح نہ ہوتے۔ انھوں نے کہا کہ اب بھی وقت ہے کہ اگر ہم بہتر ٹیم مینجمنٹ کو لیکر ٹیم کو ڈیولپ کریں تو ورلڈ کپ اور اولمپکس تک ایک بہترین ٹیم کھڑی کرسکتے ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ قومی ہاکی ٹیم کی فٹنس کے معیار کو بہتر بنانے کیلیے تینوں ٹیموں کے سا تھ مستقل بنیادوں پر مقامی کوالیفائیڈ فزیکل ٹرینر لگانے اور کھلاڑیوں کو ذہنی طور پر مضبوط کرنے کیلیے ماہرین نفسیات سے بھی مدد لی جائے گی جبکہ آئندہ قومی سلیکشن کمیٹی اورٹیم مینجمنٹ میں غیر متازعہ اور سینئر کھلاڑیوں کو لیا جائے گا۔

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment