ھفتہ, 27 اپریل 2024


پاکستان سپر لیگ کی چھٹی فرنچائز کی تعارفی تقریب

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان سپر لیگ (PSL) کی چھٹی فرنچائز، ملتان سلطانزکاایک منفرد تقریب میں تعارف کرایا گیا۔ اس موقع پرٹیم کی شاندارکٹ اور لوگو بھی متعارف کروائی گئی۔جب سے شون گروپ نے PSL کی چھٹی فرنچائز کے حقوق جیتے تھے،کرکٹ کے مداحوں کی دلچسپی عروج پر تھی ۔ اس سے قبل، 30کمپنیوں نے مجموعی طور پر ملتان سے برآمد ہونے والی اس فرنچائز کے لیے 12بولیاں لگائی تھیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے ڈائریکٹر عشرشون نے کہا،’’ملتان سلطانز کا پر تپاک استقبال دیکھ کر مجھے بہت خوشی ہے۔ عوام کا پیاراور جذبہ دیکھ کر مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ ہم نے ایک بہترین ٹیم کو چنا ہے۔ ملتان سلطانز کا لوگو ہماری طاقت کی عکاسی اور ہماری آن فیلڈ یا آف فیلڈ شاندار کارکردگی کی ترجمانی کرتا ہے۔‘‘
ملتان سلطانز نے وسیم اکرم کا بطور ڈائریکٹر کرکٹ بھی انتخاب کیا۔ وسیم اکرم دنیا بھر میں دیگر T20فرنچائزز کا ایک اہم حصہ رہے ہیں جہاں انہوں نے اپنی ٹیموں کو کامیابی دلوانے میں منفرد کردار ادا کیا ہے۔ اپنی حکمت عملیوں سے وسیم اکرم جوش و جذبے کا زبردست امتزاج ثابت ہوتے ہیں۔ملتان سطانز کی ٹیم سے اپنی وابستگی پر تبصرہ کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا،’’ ملتان سلطانز کا حصہ بننے پر میں بے حد خوش ہوں۔ میں اپنی مکمل کوششوں سے کھلاڑیوں کو بہترین کارکردگی پیش کرنے کی تلقین کروں گا۔‘‘
PSLکی کامیابی کے بارے میں وسیم اکرم نے کہا ،’’پی ایس ایل کا تیسرا سیزن اور بھی دلچسپ ہوگا کیوں کہ اس بار ملتان سلطانز کی شمولیت ہو رہی ہے۔ اس کے علاوہ پاکستانی عوام کو ملک میں دل لبھانے والی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی جب سے انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان میں واپسی ہوئی ہے۔‘‘

  

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment