جمعہ, 03 مئی 2024


بھارت میں پچ فکسنگ اسکینڈل کے بعدپچ پر پولیس تعینات

 

ایمز ٹی وی (اسپورٹس )بھارت میں پچ فکسنگ اسکینڈل کے بعد تیسرے ون ڈے کے میزبان گرین پارک اسٹیڈیم کی پچ پر پولیس اہلکار تعینات کردیے گئے۔ پونے میں دوسرے ون ڈے سے قبل ایک نجی ٹی وی چینل نے اسٹنگ آپریشن میں سینئر کیوریٹر پانوڈورنگ سالگونکر کو بے نقاب کردیا تھا، اس تناظر میں اترپردیش کرکٹ ایسوسی ایشن نے اتوار کو شیڈول میچ کیلیے کوئی بھی خطرہ مول لینے سے گریز کرتے ہوئے وکٹ کی سیکیورٹی کے انتظامات بڑھاتے ہوئے پولیس اہلکار تعینات کردیے۔ واضح رہے کہ بی سی سی آئی کے کیوریٹر تپوش چٹرجی وکٹ کی تیاری کے نگراں ہیں، گرین پارک میں اتوار کو پہلی بار ڈے اینڈنائٹ میچ برقی قمقموں کی روشنی میں کھیلا جائیگا۔ اترپردیش کرکٹ کے قائم مقام سیکریٹری یدھویر سنگھ نے کہا کہ گرین پارک اسٹیڈیم پر تعینات سیکیورٹی آفیشلز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کارآمد پاس کے حامل شخص کے سواکسی اور کو وکٹ کے قریب تک نہیں آنے دیں، گراؤنڈز مین کو کسی سے بھی پچ کے متعلق تبادلہ خیال کرنے سے روک دیاگیا ہے۔ پولیس آفیشلز کا کہنا ہے کہ کارآمد ایکریڈیٹیشن کارڈ رکھنے والے افراد ہی اسٹیڈیم میں داخل ہوپائیں گے۔ یہ عمومی عمل ہوتا ہے لیکن پونے کے واقعے کے بعد سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔ دوسری جانب آئی سی سی اینٹی کرپشن یونٹ کے کوآرڈینیٹر برائے تحقیقات اسٹیو رچرڈسن پونے پہنچ گئے، ان کے ہمراہ نیوزی لینڈ سیریز کیلیے اے سی یو کے مقرر کردہ نمائندے بیر سنگھ بھی ہیں، رچرڈسن اس حوالے سے انکوائری کے معاملات دیکھیں گے، وہ اسکینڈل میں ملوث کیوریٹر پانوڈورنگ سالگونکر سے بات چیت کرچکے ہیں، اب اسٹنگ آپریشن کرنے والے میڈیا ہاؤس کے 2 رپورٹرز سے بھی معاملے پر گفتگو کریں گے تاہم مذکورہ کیوریٹر سالگونکر کو بی سی سی آئی نے مزید انکوائری تک معطل کردیا ہے جب کہ آئی سی سی بھی رچرڈسن کی رپورٹ جمع کرانے کے بعد کارروائی کرپائے گی۔ واضح رہے کہ ایسے ہی ایک واقعے میں گال کے کیوریٹر جیانندا ویرناویرا کو آئی سی سی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر 3 برس کیلیے معطل کیاگیا تھا، بھارتی کیوریٹر کیخلاف اسی نوعیت کا فیصلہ سامنے آسکتا ہے تاہم ذرائع کے مطابق کونسل کوشش کررہی ہے کہ کیوریٹرز کو بھی اینٹی کرپشن ایجوکیشن کے زیر تحت لایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات سے بچا جا سکے جب کہ دوسری جانب بھارتی بورڈ بھی کیوریٹرز کو معاشی فوائد دینے کیلیے اقدامات کرنے پر غور کررہا ہے تاکہ وہ بکیز کے جال میں پھنسنے سے محفوظ رہیں

 

پرنٹ یا ایمیل کریں

Leave a comment