ایمز ٹی وی(تجارت) نیپالی حکومت نے پاکستانی تاجروں کو ایئرپورٹ پر ہی ویزا دینے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ پاکستانی تاجروں کا خیرمقدم کریں گے۔
یہ بات نیپالی سفیر سیوالمسال ادھیکاری نے ایف پی سی سی آئی(پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری)کے دورے میں تاجروں سے خطاب میں کہی ۔اطلاعات کے مطابق نیپال کے سفیر نے کہا کہ نیپال پاکستان کے ساتھ خوشگوار تجارتی تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے جس کے لیے وہ ہرممکن اقدام اٹھائے گا، تاجروں کو ویزا دینے کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں، وہ نیپال آئیں انہیں ایئرپورٹ پر ہی ویزا دے دیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ نیپال اور پاکستان کے درمیان تجارتی حجم کم ہونے کی بڑی وجہ ذرائع نقل و حمل نہ ہونا اور معلومات کا فقدان ہیں جنہیں دور کرنے کی ضرورت ہے۔ نیپال کے سفیر نے ایف پی سی سی آئی کے ممبران کو نیپال انویسٹمنٹ سمٹ میں شرکت کی دعوت بھی دی جو کہ رواں سال مارچ میں منعقد ہوگی۔ سارک چیمبر کے نائب صدر افتخار علی ملک نے کہا کہ سارک چیمبر نیپال اور پاکستان کے درمیان تجارت کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے، خطے کی معاشی ترقی کے لیے ہرممکن کوششیں کریں گی تاہم ضرورت اس با ت کی ہے کہ دونوں ممالک آپس میں مارکیٹنگ اور ریسرچ کے شعبوں میں تعاون کریں۔
وفاقی چیمبر کے نائب صدر اور ریجنل چیئرمین منظور الحق نے کہا کہ نیپال اور پاکستان کو تجارتی مواقع کے ساتھ ساتھ سیاحت اور زراعت پر بھی توجہ دینی چاہیے۔