کراچی: پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر کا قرض مل گیا ہے جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کو ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ ڈالر موصول ہوگئے، 9 اگست کو ہفتے کے اختتام پر زرمبادلہ کے سرکاری زخائر میں 53 کروڑ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 15 ارب 57 کروڑ 75 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی۔ 50 کروڑ ڈالر ملنے کے بعد زرمبادلہ کے سرکاری زخائر کی مالیت 8 ارب 26 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی سطح عبور کرگئی ہے جب کہ کمرشل بینکوں کے پاس 7 ارب 31 کروڑ ڈالر کے ذخائر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ 7 اگست کو ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان کے لئے 50 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی تھی، اس کے علاوہ جولائی میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے اپنے اعلامیے میں 5 سال کے دوران پاکستان کو 10 ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان کیا تھا۔ یہ رقم پاکستان کے لیے رعایتی قرضہ ہوگی، پاکستان کے ساتھ نئی شراکت پر حکمت عملی طے کی جارہی ہے جبکہ یہ پروگرام 2024 تک جاری رہے گا۔