Friday, 29 November 2024


کنویں ہادی ایچ ون اے سے گیس کی دریافت کا اعلان کردیا

ایمزٹی وی(بزنس)پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ نے ضلع سانگھڑ صوبہ سند ھ میں دریافتی کنویں ہادی ایچ ون اے سے گیس کی دریافت کا اعلان کردیا۔اس کنویں کی کھدائی کا آغاز5 فروری 2016 کو ہوا جسے19 اپریل2016 کو4ہزار20 میٹرزکی حتمی گہرائی تک پہنچایا گیا، وائر لائن لوگز کی بنیاد پرسمبر فارمیشن میں ہائیڈروکاربن رکھنے والے زونز کی نشاندہی کی گئی۔ سمبر فارمیشن میں ابتدائی جانچ کے دوران 3 دنوں میں کنویں کی سطح پر گیس کی اچھی مقدار حاصل ہوئی اور اندازے کے مطابق یہ ٹائٹ گیس ذخیرہ نظر آتا ہے، ٹائٹ گیس کی موجودگی کی مزید تصدیق کے لیے فریک جاب انجام دی گئی۔ فریک جاب کے بعد گیس کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوا، 32/64 انچ چوک سائزپرابتدائی جانچ کے دوران یومیہ 0.85ایم ایم ایس سی ایف گیس حاصل ہوئی جس سے ہادی ایچ ون اے میں تجارتی مقاصد کے لیے گیس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔ فریک جاب سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ یہ ٹائٹ گیس دریافت ہے تاہم کنویں کی تکمیل کے بعد حاصل ہونے والی معلومات اور کھدائی و جانچ کے دوران حاصل ہونیوالے ارضیاتی، ارضی طبیعاتی اور انجینئرنگ ڈیٹا کے انضمام سے دریافت کے حجم اور تجارتی مقاصد میں استعمال کی تصدیق ہو سکے گی۔ یاد رہے کہ پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ (پی پی ایل ) گمبٹ ساؤتھ بلاک میں 65 فیصد کاروباری حصہ داری کے ساتھ آپریٹر ہے اور اس میں گورنمنٹ ہولڈنگز (پرائیویٹ ) لمیٹڈ اور ایشیا ریسورسز آئل لمیٹڈ کی شراکت بالترتیب 25 اور 10فیصد ہے۔

Share this article

Leave a comment