Friday, 29 November 2024


ایکسپو سینٹر میں آٹو پارٹس کے اسٹالز بک ہوگئے

ایمزٹی وی(بزنس)پاکستان ایسوسی ایشن آف آٹو موٹیوپارٹس اینڈ اسیسریز مینوفیکچررز(پاپام) کے تحت آئندہ برس مارچ میں کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقد کیے جانے والے پاکستان آٹو پارٹس شو2017کو مقامی و بین الاقوامی نمائش کنندگان کی جانب سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے اور ابھی تک اس شو کے60فیصد اسٹالز کی ایڈوانس بکنگ ہوچکی ہے۔ پاپام کے سینئر وائس چیئرمین اور پاکستان آٹو پارٹس شوکے چیئرمین مشہود علی خان نے پاکستان آٹو پارٹس شو کی سافٹ لانچنگ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ برس 3تا5 مارچ تک کراچی ایکسپو سینٹر میں ہونے والے پاکستان آٹو پارٹس شو میں چین، ایران، ترکی اور انڈونیشیا سمیت متعدد ممالک نے شرکت کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ شو میں چین،ایران اور ترکی سے نمائش کنندگان کی بڑی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایکسپو سینٹر میں مجموعی طور پر195اسٹالز لگائے جائیں گے۔ جس میں سے 30کے قریب اسٹالز غیر ملکی نمائش کنندگان کو دئے جائیں گے جبکہ بقیہ اسٹالز پر مقامی نمائش کنندگان اپنی اپنی مصنوعات کی نمائش کرینگے۔مشہود علی خان کا کہنا تھا کہ مقامی آٹو انڈسٹری کی ترقی کے لیے حکومت کو استعمال شدہ کاروں کی درآمد کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ انڈر انوائسنگ پر قابو پانے اور نئی آٹو پالیسی پر مکمل طور پر عملدرآمد کرانے کی ضرورت ہے جبکہ تھائی لینڈ اور ترکی سمیت دیگر ممالک کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدوں کی صورت میں پاکستانی آٹو پارٹس مینو فیکچررز کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، پاکستان آٹو پارٹس شو کی سافٹ لانچنگ کی تقریب میں منیر کے بانا،عامر اللہ والا اور پاپام کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔

Share this article

Leave a comment