Friday, 29 November 2024


20 برس بعد پاکستان کی تاریخی فتح، انگلینڈ کو 75 رن سے شکست

ایمزٹی وی(کھیل) لارڈز میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی ٹیم نے میزبان انگلینڈ کو 75 رنز سے شکست دے کر بیس برس بعد تاریخی کامیابی حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے گرائونڈ لارڈز میں ہونے والے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بالرز انگلینڈ کے بلے بازوں کو پویلین بھیجنے میں کامیاب ہوگئے ہیں اور تاریخی فتح کو اپنے نام کرلیا۔ پاکستان ٹیم کی جانب سے انگلینڈ کی ٹیم کو جیت کے لیے 283 رن کا ٹارگٹ دیا گیا تھا، انگلینڈ نے ہدف کے تعاقب میں اپنی دوسری اننگ شروع کی تو ابتدا میں ہی اس کے بلے بازوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انگلینڈ کے کپتان کُک سمیت منجھے ہوئے بلے باز روٹ سمیت تین کھلاڑیوں کو پاکستانی فاسٹ بولر نے اپنا نشانہ بناکر پویلین بھیجا، بعد ازاں لیگ اسپینر یاسر شاہ نے دوسری اننگ میں 4کھلاڑیوں جبکہ محمد عامر نے بھی انگلینڈ کے بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس موقع پر پاکستانی فاسٹ بالر محمد عامر نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کیا جبکہ لیگ اسپینر یاسر شاہ پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹیں لینے میں کامیاب ہوئے، پاکستانی فاسٹ بالر راحت علی نے بھی تباہ کن بالنگ سے پاکستانی ٹیم کو فتح دلائی۔ اس موقع پر پوری پاکستانی ٹیم نے مصباح الحق کے اسٹائل میں ملٹری ٹرینرز کو پش اپس لگا کر سلیوٹ پیش کیا، چار ٹیسٹ میچز کی سیریز میں پاکستان کو ایک کے مقابلے میں صفر کی برتری حاصل ہوگئی۔ یاد رہے کہ لارڈز کے ٹیسٹ میں پاکستان کی انگلینڈ کی سرزمین پر یہ بیس سال بعد اور مصباح الحق کی کپتانی میں 21 ویں فتح ہے۔ فتح کے بعد بات کرتے ہوئے کپتان مصباح الحق کا کہنا تھا کہ آج کی فتح میرے کیرئیر کی بہترین فتح ہے، محمد عامر اب اچھا بچہ بن گیا ہے ، اُس نے ثابت کردیا کہ وہ بہت آگے جائے گا،اسپاٹ فکسنگ کے واقعے کے بعد محمد عامر کے لیے بہت مشکلات پیدا ہوگئی تھیں تاہم اب عامر کی کارکردگی کا رخ تبدیل ہوگیا ہے، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے کرکٹ کی گرتی ہوئی ساکھ کو بحال کیا، یاسر شاہ نے توقعات کے مطابق کارکردگی دکھائی اور یہ ان کی تاریخی کارکردگی ہے۔ مین آف دی میچ قرار پانے والے یاسر شاہ نے کہا کہ بالنگ کے بعد اب بیٹنگ میں بھی اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کی، اچھی بیٹنگ کرنے آیا تھا تاہم افسوس ہوا کہ کامیاب نہ ہوا،میں نے صرف بولنگ پر دھیان دیا، مجھے ٹیم کے تمام افراد نے سپورٹ کیا جس کی وجہ سے میری کارکردگی بہتر ہوئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ لارڈز جیسے گراؤنڈ میں ایک بڑا ریکارڈ بنایا، میری خوش نصیبی یہ ہے کہ مجھے مشتاق احمد جیسے ٹرینر ملے۔
دریں اثنا بحریہ ٹائون کے سربراہ ملک ریاض کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے لیے پچاس ہزا ر پاونڈ انعام کا اعلان کردیا گیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے پاکستانی ٹیم کو فتح کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی فتح کی وجہ میں مصباح الحق کی حکمت عملی شامل ہے، جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے بھی قومی ٹیم کو مبارک باد پیش کی ہے۔

Share this article

Leave a comment