Friday, 29 November 2024


آئندہ چند برسوں میں فائیوجی ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی

ایمزٹی وی(بزنس)پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا ہے کہ صارفین کو آئندہ چند برسوں میں فائیوجی ٹیکنالوجی دستیاب ہوگی، دنیا بھر کی ٹیلی کام اتھارٹیز کو جدید ٹیکنالوجیز کے باعث بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین کے اشتراک سے عالمی ٹیلی کام کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ٹیلی کام میں پوری دنیا جدید ٹیکنالوجی کے استعمال میں ایک دوسرے سے سبقت لے جانے کی دوڑ میں شامل ہے جس سے دنیا بھر کی ٹیلی کام اتھارٹیز کو بڑے بڑے چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دنیا میں ابھی فائیو جی ٹیکنالوجی کمرشل بنیادوں پر متعارف نہیں ہوئی، بعض ممالک نے آزمائشی طور پر فائیو جی کے حوالے سے تجربات شروع کیے ہیں، پاکستان میں آئندہ برسوں میں فائیو جی کی بروقت فراہمی کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس حوالے سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اسماعیل شاہ نے کہا کہ آئی ٹی اور ٹیلی کام کا استعمال بینکنگ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تیزی سے بڑھ رہا ہے، پاکستان خطے میں انٹرنیٹ کے استعمال اور فروغ کے حوالے سے دیگر ممالک سے بہت آگے نکل چکا ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبے میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

Share this article

Leave a comment