Thursday, 28 November 2024


روسی بینک کی پاکستان اسٹیل کی بحالی کے لیے 1 ارب ڈالر قرضے کی پیشکش

ایمزٹی وی (اسلام آباد) روسی بینک نے پاکستان اسٹیل ملز کی مرمت اور بحالی کیلیے ایک ارب ڈالر قرضہ دینے کی پیشکش کر دی۔ وینش تورگو بینک کے سینئر ایگزیکٹو نے گزشتہ روز وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی اور پیشکش کی کہ ان کا بینک پاکستان اسٹیل ملز کے علاوہ پاکستان میں توانائی منصوبوں کیلیے بھی مزید ایک ارب ڈالر دینے کیلیے تیار ہے۔ اس موقع پر ٹیکنو پرو میکسو پورٹ کے ڈائریکٹر جنرل سرگئی توپور گیلکا بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے ٹیکنو پرو میکسو پورٹ کمپنی کی دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں دلچسپی لینے کے عمل کو سراہا ۔ وفاقی وزیر خزانہ نے روسی بینک کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ توانائی سیکٹر کے علاوہ پاکستان کے دوسرے منصوبوں میں بھی دلچسپی لیں۔ وفاقی وزیر نے وفد کو بتایا کہ پاکستان کی حکومت اسٹیل ملز کی 26 فیصد ایکویٹی کی نجکاری چاہتی ہے، وہ پاکستان کو قرضہ دینے کے بجائے اس عمل میں حصہ لیں۔ یاد رہے کہ وفاقی وزیر خزانہ اعلیٰ سطح کے وفد کے ساتھ ماسکو کا دورہ کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے ملاقات کرنے والے تمام وفود کو پاکستان میں بجلی کے بحران اور اس کے خاتمے کیلیے اپنی حکومت کی پالیسی سے تفصیل سے آگاہ کیا ۔

Share this article

Leave a comment