Friday, 29 November 2024


کراچی آپریشن جاری رہے گا، ڈاکٹرعشرت العباد خان

ایمزٹی وی(کراچی) گورنرسندھ ڈاکٹرعشرت العباد خان نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن جاری رہے گا، مجرم صرف مجرم ہوتا ہے وہ کسی سیاسی یا گروہی جماعت کا شیلٹر حاصل کرے گا تو قانون اس کے پیچھے بھی جائے گا۔ وہ جامعہ کراچی میں سینٹر فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے ۔ گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اویس شاہ کی بازیابی پر قانون نا فذ کرنے والے ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سینٹر کے قیام سے جرائم کے ثبوتوں کی سائنسی انداز میں دستیابی ہو سکے گی ،ثبوتوں کی عدم دستیابی کے باعث مجرمان کی رہائی کے واقعات کو کم کیا جاسکے گا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف تک رسائی ہر شخص کا بنیادی حق ہے، سینٹر کے قیام سے انہیں اس حق کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ سینٹر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کو جدید تربیت کی فراہمی میں بھی مدد دے گا ، گورنرسندھ کا کہنا تھا کہ سینٹر کے ذریعہ عدلیہ کو بھی فیصلے میں آسانی ہو گی۔ ڈیجیٹل ثبوتوں کی فراہمی کے لئے بھی سینٹر کا کردار نہایت اہم ہو گا، سینٹر کی ترقی اسے ایک ڈیجیٹل فارنسک سائنس کا جدید ترین مرکز بنانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ سینٹر کے لئے اعلیٰ تربیت ماہرین کا انتخاب کیا گیا ہے جن میں ڈیجیٹل فارنسک ماہرین بھی شامل ہیں ۔ گورنر سندھ نے کہاکہ سینٹر جامعہ کراچی کی درخشندہ روایت کا امین ہو گا۔ سینٹر کے قیام پر جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جامعہ کراچی شہر قائد کی پہچان ہے۔

Share this article

Leave a comment