Friday, 29 November 2024


اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کے بعد دوبارہ اتارچڑھاؤ

ایمزٹی وی(بزنس)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں ایک روزہ تیزی کے بعد جمعہ کو دوبارہ اتارچڑھاؤ اور مندی کے اثرات غالب رہے جس سے انڈیکس کی 39300 اور39200 پوائنٹس کی 2 حدیں گرگئیں، مندی کے سبب58.54 فیصد حصص کے قیمتوں میں کمی ہوئی جبکہ سرمایہ کاروں کے25 ارب2 کروڑ9 لاکھ28 ہزار700 روپے ڈوب گئے۔ ماہرین اسٹاک کا کہنا تھا کہ کاروبارکے ابتدائی دورانیے میں خریداری تسلسل قائم رہنے کے سبب ایک موقع پر114 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس39400 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی لیکن مقامی انسٹی ٹیوشنز نے جمعرات کو تیزی کی لہر سے بھرپوراستفادے کے لیے جمعہ کوکاروباری دورانیے کے وسط میں فوری منافع کے حصول پراچانک رحجان غالب کیا اوردھڑادھڑ حصص کی آف لوڈنگ کی ۔ جس کے نتیجے میں تیزی مندی میں تبدیل ہوگئی اورکاروبارکے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس155.01 پوائنٹس کی کمی سے 39151.78 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 144.23 پوائنٹس گھٹ کر 22630.29، کے ایم آئی30 انڈیکس 467.18 پوائنٹس کی مندی سے 69932.61 اور کے ایم آئی آل شیئرانڈیکس60.74 پوائنٹس کم ہو کر 18257.18 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت6.11 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر21 کروڑ95 لاکھ36 ہزار230 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار344 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں161 کے بھاؤ میں اضافہ، 167 کے داموں میں کمی اور16 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Share this article

Leave a comment