Friday, 29 November 2024


پانی پینے والے لوگ کم موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں

ایمزٹی وی(صحت)امریکی یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی ایک تحقیق سے پتا چلا ہے کہ زیادہ پانی پینے والے لوگ کم موٹاپے کا شکار ہوتے ہیں۔اچھی صحت کےلئے عام طور پر زیادہ پانی پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اگر آپ پورے دن میں آٹھ گلاس پانی پئیں گے تو آپ کی صحت بہتر رہے گی۔ البتہ صحت سے متعلقہ اداروں کا کہنا ہے کہ مردوں کےلئے روزانہ تین لیٹر یعنی بارہ گلاس جب کہ خواتین کےلئے روزانہ 2.2 لیٹر یعنی اندازاً 9 گلاس پانی پینا عمومی صحت کے نکتہ نگاہ سے موزوں ترین رہتا ہے۔

حالیہ تحقیق نے یہی بات آگے بڑھاتے ہوئے مزید ثابت کیا ہے کہ اگر روزانہ معمول سے زیادہ پانی پیا جائے تو اس سے موٹاپے پر قابو پانے میں بھی مدد ملتی ہے۔ اس تحقیق کے نتائج ’’اینلز آف فیملی میڈیسن‘‘ نامی ریسرچ جرنل میں شائع ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے کئے گئے مطالعات میں زیادہ پانی پینے اور کم موٹاپے میں مبہم سا تعلق سامنے آیا تھا۔ لیکن مشی گن یونیورسٹی کی ڈاکٹر ٹامی چینگ اور ان کے ساتھیوں نے اپنے حالیہ مطالعے میں واضح طور پر یہ دیکھا کہ زیادہ پانی پینے والے لوگ کم ہی موٹاپے میں مبتلا ہوتے ہیں۔ اس مطالعے کےلئے امریکا میں عمومی صحت اور غذا سے متعلق کئے گئے مطالعات میں پیش کردہ اعداد و شمار کا بالتفصیل جائزہ لیا گیا تھا، تاہم انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ مختلف عمر اور وزن والے لوگوں کےلئے پانی کی ’’موزوں مقدار‘‘ مختلف ہوتی ہے۔

ڈاکٹر چینگ کے مطابق یہ جاننے کےلئے پیشاب کی رنگت پر نظر رکھنا ضروری ہے اگر پیشاب کی رنگت زیادہ شفاف اور پانی سے ملتی ہے، تو قوی امکان ہے کہ جسم کو مناسب مقدار میں پانی مل رہا ہے اور اگر پیشاب کی رنگت قدرے گہری ہو اور وہ کم شفاف بھی ہو، تو پھر روزمرہ پانی کی مقدار بڑھادینی چاہئے۔

Share this article

Leave a comment