Thursday, 28 November 2024


اسٹاک مارکیٹ، دوسرے روز زبردست تیزی، 381 پوائنٹس بڑھ گئے

ایمزٹی وی (تجارت) کراچی اسٹاک مارکیٹ ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز تیزی کی زبردست لہر دیکھنے میں آئی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی 31300,31400,31500 اور 31600 کی نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں 77ارب 69کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ، کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت4.28 زائد جبکہ 64.98 حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے بینکنگ، توانائی ،سیمنٹ ، ٹیلی کام اور فرٹیلائزر سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100 انڈیکس 31721 پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ تاہم فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث کے ایس ای 100انڈیکس مذکورہ سطح پر برقرار نہ رہ سکا تاہم تیزی کا تسلسل سارا دن جاری رہا ۔حصص بازار کے تجزیہ کاروں کے مطابق مہنگائی کی رفتار سست ہونے سے انویسٹرز کو شرح سود میں مزید کمی کی توقع ہے اور عالمی سطح پر خام تیل کی گرتی قیمتوں کا سہارا ملنے کے باعث سرمایہ کار اسٹاک مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے اور انہوں نے بڑے پیمانے پر حصص کی خریداری کی ،جس کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 381.00 پوائنٹس اضافے سے 31680.72 پوائنٹس پر بند ہوا ۔ مجموعی طور پر 397 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے 258 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ، 125 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ 14 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 77 ارب، 69کروڑ19لاکھ 50ہزار937 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت بڑھ کر 72 کھرب 24 ارب 60 کروڑ 30 لاکھ 35ہزار164روپے ہوگئی ۔ منگل کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 33 کروڑ 78 لاکھ 17ہزار 750 شیئرز رہیں جو پیر کے مقابلے میں ایک کروڑ 38 لاکھ 69 ہزار 160 شیئرززائد ہیں، قیمتوں کے اتار چڑھاؤ کے حساب سے ویتھ پاک کے حصص سرفہرست رہے، جس کے حصص کی قیمت 207.00 روپے اضافے سے 4357.00 روپے اوررفحان میظ کے حصص کی قیمت 202.50 روپے اضافے سے 10457.50 روپے ہوگئی۔ نمایاں کمی یونی لیور فوڈز کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت 211.00 روپے کمی سے8799.00 جبکہ نیسلے پاک کے حصص کی قیمت 150.00 روپے کمی سے 8300.00 روپے ہوگئی ۔

Share this article

Leave a comment