Friday, 29 November 2024


برمنگھم ٹیسٹ، پاکستان کی بیٹنگ جاری،5 کھلاڑی آؤٹ

ایمزٹی وی(کھیل) ایجبیٹسن گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میں پاکستان کی پہلی اننگز جاری ہے۔ قومی ٹیم نے آج کے کھیل کا آغاز کیا تو 257 رنز پر اس کے 3 کھلاڑی آؤٹ تھے۔پاکستان کو اس میچ میں یونس خان سے بڑے سکور کی امید تھی جو پوری نہیں ہو سکی۔ یونس خان نے اس میچ میں بھی شائقین کرکٹ کو شدید مایوس کیا۔ یونس خان 31 رنز بنا کر ووکس کی گیند پر وکٹ کیپر بیرسٹو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد اسد شفیق نے بھی پویلین کی راہ لی اور بغیر کوئی رن بنائے براڈ کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ گزشتہ روز پاکستانی ٹیم کو اننگز کے آغاز پر ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب محمد حفیظ بغیر کوئی رن بنائے جیمز اینڈرسن کا شکار بنے۔ اس کے بعد اظہر علی اور سمیع اسلم نے ذمہ داری سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کے سکور کو آگے بڑھایا۔ دونوں کھلاڑیوں نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سینچریاں مکمل کیں۔ پاکستان کی دوسری وکٹ 181 رنز پر گری جب سمیع اسلم رن آؤٹ ہو گئے۔ سمیع اسلم 82 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ اس کے بعد اظہر علی نے محتاط رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی سینچری مکمل کی۔ انہوں نے 10 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے اپنے 100 رنز مکمل کئے۔ دوسرے دن کے کھیل کی آخری بال پر اظہر علی کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ اظہر علی نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 139 رنز بنائے۔ انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 297 رنز بنائے تھے۔ پاکستان کی جانب سے سہیل خان کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ راحت علی اور محمد عامر نے دو، دو اور یاسر شاہ نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Share this article

Leave a comment