ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیرمین تحریک انصاف عمران خان نے پارٹی کے ناراض ارکان پارلیمنٹ سے تفصیلی ملاقات کی اور ان کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ ناراض ارکان نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے تحفظات خوش اسلوبی سے سن کر دور کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے جب کہ چیرمین نے 13 نکات پیش کرکے ہمارے تحفظات پہلے ہی دور کردیئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کوئی بھی پارٹی دوسری بار نہیں جیتی لیکن 2018 کے الیکشن میں تحریک انصاف دوبارہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور ہم عمران خان کے منشور پر عمل کرائیں گے۔
دوسری جانب اس موقع ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف میں کوئی باغی گروپ نہیں ، یہ وفادار ارکان ہیں جنہوں نے پارٹی چیرمین سے ملاقات میں انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور ان ارکان اسمبلی نے عمران خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیر کے دن اجلاس میں سپریم کورٹ جانے یا نہ جانے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔