Friday, 29 November 2024


100 ارب روپے کا تیل چوری کرلیا گیا

ایمز ٹی وی (تجارت) کرک میں آئل فیلڈ سے سو ارب روپے کا تیل چوری کیا گیا، فی ٹینکر ہزار لیٹر تیل چرایا گیا، ایف آئی اے نے آئل کمپنی کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں ہیں۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پٹرولیم و قدرتی وسائل کا اجلاس ملک امتیاز خان کی صدارت میں ہوا، اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ خیبر کے ضلع کرک کی آئل فیلڈ سے اربوں روپے مالیت کا خام تیل چوری کیا گیا۔ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے اپنی تحقیقات سے کمیٹی کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کرک کی آئل فیلڈ سے چوری کے حوالے سے شکایات سامنے آئی تھیں کہ تین طرح سے آئل چوری کیا گیا۔

ایف آئی اے نے بتایا کہ غیر ملکی آئل کمپنی کے خلاف سو ارب روپے خام تیل چوری کرنے کی تحقیقات جاری ہیں، اب تک ڈیڑھ سو افراد خام تیل چوری کے الزام میں گرفتار کیے جاچکے ہیں، اس چوری میں حکومت اور وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ افسران سے لے کر چھوٹے افسران تک ملوث ہیں۔ ملک امتیار نے کہا کہ ایسی کمپنی کو بلیک لسٹ کیوں نہیں کرتے، قائمہ کمیٹی نے آئندہ اجلاس میں کمپنی کے حکام سمیت متعلقہ دیگر ڈیپارٹمنٹ کو وضاحت کے لئے طلب کرلیا ہے

Share this article

Leave a comment