ایمزٹی وی(لاہور) متحدہ قومی موومنٹ پنجاب کے صدرو سینیٹر میاں عتیق نے کہا ہے
کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں سے پنجاب کی تنظیم بھی لاتعلقی کا اظہار کرتی ہے۔
یہ بات انہوں نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، میاں عتیق نے کہا کہ ہمارے قائد الطاف حسین نہیں بلکہ فاروق ستار ہیں اور ہم ان کے ساتھ ہیں لیکن اگر ان کے فیصلے سمندر پار سے آئے تو ہم ہرگز اسے تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ دھرتی ماں کے خلاف کوئی لفظ کہنے والے کو ہرگز برداشت نہیں کیا جا ئے گا خواہ اس کا تعلق ہماری اپنی جماعت سے ہی کیوں نہ ہو ،ہم سب مل کر ان لفظوں سے اور نعروں سے نہ صرف لاتعلقی کا اظہار کر تے ہیں بلکہ سخت سے سخت الفاظ میں اس کی مذمت بھی کر تے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہمارے ساتھیوں کو وفاداری تبدیل کرکے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کے لیے دھمکایا جا رہا ہے، پاک سرزمین پارٹی ہمارے لاہور اور ملتان کے دفاتر پر قبضہ کرنا چاہتی ہے لیکن یہ سازش ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
میاں عتیق کا کہنا تھا کہ اب سمندر پار یا کراچی سے کسی نے بھی دوبارہ کوئی سازش کی تو اس کیخلاف ہر اقدام کا ساتھ دیا جائے گا ۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ملک کے صرف اس نظام کیخلاف ہے جس میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہوتا جارہا ہے۔ میاں عتیق نے مطالبہ کیا کہ کراچی کے نومنتخب میئر وسیم اختر اور زیرحراست بے گناہ خواتین کارکنان کو رہا کیا جائے۔