Friday, 29 November 2024


آج کی ریلی میں دہشت گردی کا خطرہ ہے،عمران خان


ایمز ٹی وی(لاہور) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کل کی ریلی میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ گئے ہیں


وہ آج ہونے والے پاکستان مارچ کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آج لاہور میں تاریخی ایونٹ ہوگا،پورا شہر نواز شریف اور کرپشن سے بے زاری کا اظہار کرنے کیلئے سڑکوں پر نکلے گا، کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں، ریلی کے انتظامات مکمل ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ٹی آئی نے لاہور پہنچنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عمران خان نے کہا کہ ہمارے انتظامات مکمل ہیں کسی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں،ملک کو خطرہ صرف ن لیگ سے ہے، معاملہ نواز شریف کی کرپشن کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پانچ ماہ انتظار کیا لیکن وزیراعظم ٹی او آرز پر نہیں آئے، پاکستان کو کرپشن کے کینسر سے بچانے کے لیے عوام کو سڑکوں پر آنا پڑے گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمران پاناما لیکس سے ڈرے ہوئے ہیں، کرپشن بچانے کے لیے اداروں کو تباہ کیا جارہا ہےجب ادارے تباہ ہو جائیں تو ملک نہیں رہتے، پاناما لیکس کے معاملے پر نواز شریف کو خود ہی استعفیٰ دے دینا چاہئے تھا اگر انہوں نے چوری نہیں کی تو ٹی او آرز سے کیسا ڈر۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو دو چیزوں دہشت گردی اور معاشی دہشت گردی سے خطرہ ہے اور سب بڑا خطرہ معاشی دہشت گردی سے ہے اور ملک کو معاشی دہشتگردی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ بتایا جا رہا ہے کہ آج کی ریلی میں دہشت گردی کا خطرہ ہے اگر نواز شریف کا جلسہ ہوسکتا ہے تو پی ٹی آئی کی ریلی کیوں نہیں ہو سکتی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر بہت بڑے الزامات ہیں اب عوام ان کی کسی بات پر اعتبار نہیں کریں گے۔ ریلی کے اختتام پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، کل فیصلہ ہوجائے گا کہ لاہور کس کا شہر ہے، اگر ہم نے وزیر اعظم کا احتساب کیا تو ملک سے چوری کا خاتمہ ہوجائے گا۔

Share this article

Leave a comment