Friday, 29 November 2024


ایس ایچ او کا قاتل بھی موت کے گھاٹ اتاردیاگیا


ایمزٹی وی(کوئٹہ)پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں کے درمیان فائرنگ اور جوابی فائرنگ میں دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک ایس ایچ او بھی شامل ہے۔ یہ واقعہ شہر کے مغربی بائی پاس کے علاقے میں نیو انڈسٹریل پولیس سٹیشن کے اندر پیش آیا۔
سریاب پولیس کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ پہلے ایک پولیس کانسٹیبل نے تھانے کے ایس ایچ او نور بخش مینگل پر تھانے کے اندر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس ایچ او اور ان کا ایک مہمان ہلاک ہوگئے۔
سینیئر اہلکار نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبل نے فائرنگ کے بعد اپنے آپ کو حوالے کرنے کی بجائے تھانے کے باہر مورچہ زن ہوگیا اور وہاں سے فائرنگ کرتا رہا جس پر دوسرے پولیس اہلکاروں نے اسے گولی ماری جس کے باعث وہ ہلاک ہوا۔
پولیس کے دیگر ذرائع نے بتایا کہ جس کانسٹیبل نے ایس ایچ او کو ہلاک کیا اس کو کچھ عرصہ بیشتر ایران سے متصل پنجگور کے علاقے سے کوئٹہ ٹرانسفر کیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق واقعے سے قبل پولیس کانسٹیبل اور ایس ایچ او کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی۔
دریں اثنا وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان نے آئی جی پولیس کو واقعے کی تحقیقات کرکے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے اور ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Share this article

Leave a comment