Thursday, 28 November 2024


کراچی، مختلف علاقوں میں 2 دن پانی کی فراہمی معطل رہے گی

ایمزٹی وی (سیاسی) کراچی کے مختلف علاقوں میں آج صبح سے 48 گھنٹوں کے لیے پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے پانی کی لائنوں کے پرانے والوز کو تبدیل کیا جارہا ہے۔ کراچی میں پہلے ہی پانی کا بحران سنگین ہوچکا ہے، کئی ماہ سے شہر کے کئی علاقوں کے باسی پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ نے اس صورت حال میں ایک اور بُری خبر سُنا دی ہے کہ منگل سے 48 گھنٹے تک مختلف علاقوں میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔ ترجمان کے ڈبلیوایس بی کے مطابق شہر میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے مین لائنوں میں نصب پرانے والوز کی تبدیلی کا کام کیا جارہا ہے، اس سلسلے میں 9 دسمبر کو صبح 10بجے سے 48 گھنٹوں کیلیے گلشن اقبال بلاک نمبر 13,14,15 اولڈ سبزی منڈی، عیسیٰ نگری، لیاقت آباد سندھی ہوٹل، قاسم آباد، سکندرآباد، غریب آباد، شریف آباد، گلبرگ، ناظم آباد، پاک کالونی، ہارون آباد، سائٹ انڈسٹریل ایریا، شیرشاہ، بلدیہ ٹاوٴن، پی اے ایف مسرور، گلبائی، ماڑی پور، آئی لینڈ شمس پیر، بابا بھٹ، صالح آباد اور ان سے ملحقہ علاقوں میں پانی کی فراہمی بند رہے گی ۔ واٹر بورڈ حکام نے مذکورہ علاقوں کے مکینوں سے درخواست کی ہے کہ وہ اس دوران پانی کا مناسب ذخیرہ کرلیں اور پانی کفایت شعاری سے استعمال کریں ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے میں واٹر ہائیڈرنٹس کی چاندی ہوجائیگی اور چند سو روپے میں فروخت ہونے والا ٹینکر ہزاروں روپے میں فروخت ہوگا اور شہری مہنگا پانی خریدنے پر مجبور ہوںگے ۔

Share this article

Leave a comment