ایمز ٹی وی(انٹرنیشنل) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف اپنی روایتی ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا گڑھ ہے اور دہشت گرد برآمد کررہا ہے جب کہ ہم اسے دنیا میں تنہا کرنے میں کامیاب ہوگئے۔
بھارتی ریاست کیرالہ میں جلسے سے خطاب کے دوران نریندرا مودی نے ایک بار پھر پاکستان کو دہشت گردی کا گڑھ قرار دینے کا راگ الاپتے ہوئے کہا کہ ہم اڑی حملے کو کبھی نہیں بھولیں گے اور 18 جوانوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ خوش فہمی مبتلا مودی نے کہا کہ بھارت پاکستان کو تنہا کرنے میں کامیاب ہوگیا اور ایک وقت آئے گا جب پاکستان دنیا میں بالکل تنہا ہوگا جب کہ پاکستان پورے خطے کو خون سے رنگنا چاہتا ہے۔ مودی کا کہنا تھا کہ بھارت دہشت گردی کے آگے جھکا ہے نہ کبھی جھکے گا اور اسے شکست دے کر رہے گا جب کہ دہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے اور ہمیں اسے شکست دینے کے لیے ایک ہونا پڑے گا۔۔
دوسری جانب اپنی تقریر میں نریندرا مودی پاکستان کے خلاف جنگ بھول کر غربت اور جہالت کے خلاف جنگ کا رونا روتے رہے۔ بھارتی وزیراعظم نے پاکستان کو غربت، بے روزگاری اور صحت کے شعبے میں مقابلے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہمت ہے تو آؤ اس بات پر لڑیں کہ اپنے ملک سے غریبی کون پہلے ختم کرتا ہے اور بے روزگاری کے خاتمے اور زچہ بچہ کی صحت کے لیے لڑائی کون جیتتا ہے۔
واضح رہے مقبوضہ کشمیر کے ضلع بارہ مولا کے اڑی سیکٹر میں بھارتی ہیڈ کوارٹر پر مسلح افراد کے حملے میں 18 بھارتی فوج ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد نہ صرف بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف زہر اگلنا شروع کردیا بلکہ مودی سرکار نے پاکستان کو جنگ کی دھمکی دینا بھی شروع کردی تھی