Friday, 29 November 2024


بھارتی انتہا پسندحکمرانوں کی پاکستان کےخلاف آبی جارحیت کےعزائم ناکام ہوں گے، وزیراعظم

ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کی پاکستان کے خلاف آبی جارحیت کے عزائم ناکام ہوں گے ۔بھارت کے انتہا پسند حکمرانوں کے جارحانہ بیانات ،منفی عزائم نے اس ریجن کے امن کو مسلسل خطرات میں رکھا ہوا ہے ۔بین الاقوامی برادری بھارتی حکمرانوں کے عزائم کا سختی سے نوٹس لے اور بھارت کو جارحانہ عزائم سے باز رکھے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لئے لائن آف کنٹرول پر تخریبی کارروائیوں کے ذریعے جنگی کیفیت پیدا کر رکھی ہے ۔قبل ازیں وزیراعظم نے ایمپائر کیپٹل دبئی کی کمپنی کی طرف سے دی گئی بریفنگ کے دوران اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں ہائیڈل اور ٹورازم میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے جس سے معیشت مستحکم ہو گی اور عوام ترقی و خوشحالی کی منازل طے اور روزگار کے مواقع ملیں گے۔

مسلم لیگ کی حکومت آزادکشمیر کو بین الاقوامی سیاحت کا مرکز بنائے گی ۔آزاد کشمیر کے پہاڑی مقامات پر ٹورازم ہٹس قائم کریں گے ۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹر آصف ،وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری احسان خالد کیانی اور مسلم لیگ پروفیشنل کے چیئرمین ڈاکٹر احسن بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر حیدر نے آزادکشمیر میں سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کمپنی نجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کرناچاہتی ہے ۔حکومت آزادکشمیر سہولتیں فراہم کرے ۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ آزادکشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں ۔بیرونی سرمایہ کاروں کو بھرپور سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کا جدید میکانزم اختیار کر کے آزاد کشمیر کو خوشحال معاشرے میں بدل دے گی ۔سابق دور میں عوام کے ساتھ ناانصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا۔ -

Share this article

Leave a comment