Thursday, 28 November 2024


کراچی، سانحہ پشاور پرطلبا کا احتجاج، دہشتگردوں کے خلاف عزم کا اظہار

ایمزٹی وی(کراچی) سانحہ پشاور کے خلاف چوتھے روز کراچی پریس کلب کے باہراسکول کے طلباء نے المناک واقعہ پر احتجاج کیا، شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کیں۔ سانحہ پشاور میں قوم کے مستقبل کو دہشت گردوں نے اپنی بربریت کا نشانہ تو بنا ڈالا لیکن اس سانحہ پر پوری قوم کا حوصلہ نہ صرف بلند ہوا بلکہ بچوں نے بھی دہشت گردوں کو پیغام دے ڈالا کہ وہ ڈرنے والے نہیں۔ کراچی پریس کلب کے باہر نجی اسکول کے طلباء نے شہداء سے اظہار یکجہتی اور اس واقعہ کے خلاف احتجاج کیا۔ اس موقع پر بچے پرُعزم اور حوصلے چٹان نظر آئے۔ بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ بھی باہمت تھے۔ انکا کہنا تھا کہ ایسی کاروائیاں ملک کے معماروں پر وار ہے لیکن بزدل دہشتگرد نہ تو اس قوم کو ہرا سکتے ہیں نہ معماروں سے انکا مستقبل چھین سکتے ہیں۔ احتجاج میں بچوں نے شہداء کی یاد میں شمعیں بھی روشن کیں، دہشت گردی کے خلاف اور پاک افواج اور امن کے حق میں نعرے لگائے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ملک کو دہشت گردی کے ناسور سے نجات دلانے میں اپنا کردار ادا کریں گے ۔

Share this article

Leave a comment