Friday, 29 November 2024


کوئلے کی باریک فلموں سے برقی ہیٹر تیار

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) کوئلے کا مقصد صرف جلانا ہی نہیں بلکہ اس سے شمسی پینلوں اور بیٹریوں سمیت کئی طرح کے جدید برقی آلات بھی تیار کیے جاسکتے ہیں۔

یہ خلاصہ میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) میں جاری تحقیق کا ہے جس کے تحت اب تک عام کوئلے کی مدد سے مختلف اقسام کی برقی اشیاء (بجلی سے کام کرنے والی چیزیں) تیار کرلی گئی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایم آئی ٹی میں پی ایچ ڈی کے ایک طالب علم نے عام کوئلے کی 4 اقسام کی انتہائی باریک فلموں (thin films) کی برقی، کیمیائی اور بصری (آپٹیکل) خصوصیات کا تفصیل سے جائزہ لیا جس کے بعد انہوں نے کوئلے کی انہی اقسام کی مدد سے ایک برقی ہیٹر بھی تیار کیا جو بجلی گزارنے پر گرمی پیدا کرتا ہے۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اس پورے عمل کے دوران کوئلے کو خام حالت ہی میں استعمال کیا گیا تھا۔ طالبعلم کا کہنا ہے کہ خام کوئلے کی باریک فلموں سے برقی ہیٹر تیار کرنے کا مقصد یہ ثابت کرنا تھا کہ کوئلے کو عملی طور پر بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

اب ماہرین خام کوئلے سے مزید پیچیدہ اور جدید آلات بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں اور انہیں پوری امید ہے کہ یہ تکنیک پختہ ہوجانے کے بعد برقی آلات کے شعبے میں ان مروجہ طریقوں کا بہترین اور کم خرچ متبادل ثابت ہوگی جو بہت مہنگے ہیں اور جن کے لیے انتہائی خالص مادّوں کی لازمی ضرورت ہوتی ہے۔

Share this article

Leave a comment