Saturday, 30 November 2024


قانون کسی کو ہاتھ میں نہیں لینے دینگے

 

ایمز ٹی وی(کراچی) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں۔

کراچی میں انسداد پولیو مہم کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی جمہوری اقدار کو برقرار رکھنا چاہتی ہے، ہم اپنے شہیدوں پر ناز کرتے ہیں، احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن قانون ہاتھ میں لینے کا حق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک صوبائی مالیاتی کمیشن کی تشکیل نہیں ہوسکی جس کے باعث بلدیاتی اداروں کو مالی مسائل درپیش ہیں، جلد ہی صوبائی مالیاتی کمیشن بنایا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ اسپتالوں میں طبی و غیر طبی عملے اور ڈاکٹرز کی کمی سےمتعلق خامیاں ختم کرنا چاہتے ہیں، صوبے بھر میں بھرتیوں پر سے پابندی اٹھا لی گئی ہے، 3 سے 6 ماہ میں پیرامیڈیکل اسٹاف کی کمی ختم کی جائے گی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پولیو موذی مرض ہے اور ہمیں اس کاخاتمہ کرنا ہوگا، وفاقی اور صوبائی حکومت مل کر پولیو کا خاتمے کرنا چاہتے ہیں، مہم کے دوران صوبے بھرکے 83 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا ہے جب کہ کراچی کے22 لاکھ بچوں کوپولیوسےبچاؤ کےقطرے پلائےجائیں گے، اس کے لیے 46 ہزار ورکرز کام کررہے ہیں۔

والدین سے درخواست ہےکہ 5 سال تک کے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کا اعتراض تھا پولیو ویکسین درست نہیں، لیڈی ہیلتھ ورکرزکو پولیو ویکسین کے رنگ سے متعلق بھی تربیت دی ہے کیونکہ اگر پولیو ویکسین کا رنگ تبدیل ہوجائے تو وہ مؤثر نہیں رہتی۔

 
 

 

Share this article

Leave a comment