Thursday, 28 November 2024


الطاف حسین کو دھمکی کے خلاف کئی شہروں میں ایم کیو ایم کے مظاہرے 

ایمزٹی وی (سیاسی) الطاف حسین کو لال مسجد کے خطیب کی مبینہ دھمکی کے خلاف کراچی اور کئی شہروں میں متحدہ قومی موومنٹ نے مظاہرے کیے، رہنماؤں نے خطاب میں کہا ہے کہ مولانا عبدالعزیز کو گرفتار کیا جائے، آرٹیکل سکس کے تحت سزا دی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے لال مسجد کے خطیب کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر بڑا مظاہرہ کیا گیا۔ متحدہ کے رہنماؤں کا کہنا تھاکہ ایم کیو ایم امن پسند جماعت ہے، مولانا عبدالعزیز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے الطاف حسین کے خلاف بیان پر عزیز آباد تھانے میں مولانا عبدالعزیز کے خلاف مقدمہ درج کرایا گیا۔ مقدمے میں مذہبی منافرت پھیلانے، سائبر کرائم اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ بعد میں کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی ریلی سے خطاب میں انچارج رابطہ کمیٹی قمر منصور کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم امن اور انصاف پسند جماعت ہے اور ہمارا عدالتوں اور انصاف پر یقین ہے۔ حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں، الطاف حسین کے کروڑوں چاہنے والے موجود ہیں۔ سینیٹر بابرغوری کا کہنا تھا کہ حکومت کو فیصلہ کرنا ہوگا کیوں کہ یہ مسئلہ کمیٹی سے حل نہیں ہوگا۔ عوام کو دہشت گردی کے خلاف نکلنا ہوگا۔ اراکین سندھ اسمبلی فیصل سبزواری ، خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لال مسجد کے خطیب مولانا عبدالعزیز کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ۔

Share this article

Leave a comment